لاہور، پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کے لئے طویل سفر طے کرنا پڑا، جائلز کلارک
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے ڈائریکٹر جائلز کلارک کا کہنا ہے کہ پاکستان سپر
لیگ کا فائنل لاہور میں نہ ہوتا تو موجودہ دورہ اتنا آسان نہ ہوتا جب کہ
پی سی بی اور رمیز راجا کی کوششوں سے پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ بحال
ہورہی ہے۔
لاہور کے مقامی ہوٹل میں چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی کے ہمراہ پریس
کانفرنس کرتے ہوئے جائلز کلارک نے کہا کہ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی
بحالی کے لئے طویل سفر طے کرنا پڑا، میں پاکستانی حکومت اور خاص طور پر
سیکیورٹی اداروں کا شکر گزار ہوں۔
جائلز کلارک نے کہا کہ پی سی بی اور رمیز راجا کی کوششوں سے پاکستان میں
انٹرنیشنل کرکٹ بحال ہورہی ہے اور اینڈی فلاور کو بھی مبارکباد پیش کرتا
ہوں جن کے بغیر یہ دورہ ممکن نہ ہوتا۔
آئی سی سی کے ڈائریکٹر نے کہا کہ 2011 سے پاکستان میں سیکیورٹی صورتحال کا
جائزہ لے رہے ہیں اور اگر پی ایس ایل کا فائنل لاہور میں نہ ہوتا تو
موجودہ دورہ اتنا آسان نہ ہوتا۔
جائلز کلارک کا کہنا تھا کہ گزشتہ سال مختلف ممالک سے آئی سیکیورٹی ٹیموں
نے پی ایس فائنل میں انتظامات دیکھے اور ان کی رپورٹ کی روشنی میں ہی ورلڈ
الیون کے پاکستان آنے کے دروازے کھلے ہیں۔
آئی سی سی کے ڈائریکٹر نے کہا کہ پاکستانی حکومت اور عوام نے زبردست قدم اٹھایا ہے، اب ہماری نظریں اس سیریز پر لگی ہیں۔