Sep 15, 2017 03:25 pm
views : 707
Location : Prime Minister House
Islamabad- PM Shahid Khaqan Abbasi chairs ECC Meeting
ا سلام آباد،وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی صدارت میں اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس
ا سلام آباد میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی
کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں ملکی برآمدات میں اضافے کے لیے وزیراعظم کے برآمدی
پیکج کا جائزہ لیا گیا ۔ ایک سو اسی ارب روپے کے اس پیکج میں ٹیکسٹائل اور
دیگر شعبوں کے برآمدکنندگان کو ان کی برآمدات بڑھانے کے لیے مراعات فراہم
کی گئی ہیں ۔
ترجمان وزیر اعظم ہاؤس کے مطابق اجلاس کو بتایا گیا کہ پیکج کے باعث
برآمدات میں خاطر خواہ اضافہ ہواہے ۔ اجلاس میں اس پیکج کا دائرہ کار دیگر
شعبوں تک بڑھانے کے لیے کئی تجاویز پر بھی غور کیا گیا ۔ وزیراعظم نے ہدایت
کی کہ پیکج کے اثرات کا جائزہ لینے اور اس میں ترامیم کے لیے فنانس ،
کامرس ڈویژن اور ایف بی آر کے نمائندوں پر مشتمل ایک کمیٹی قائم کی جائے ۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ اس وقت ملک میں ستائیس لاکھ میٹرک ٹن سے زیادہ چینی
موجود ہے ۔ ای سی سی نے وزارت تجارت کو پانچ لاکھ میٹرک ٹن چینی برآمد کرنے
کی اجازت دے دی ۔
وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے ہدایت کی کہ اس مقصد کے لیے قائم شدہ بین
الوزارتی کمیٹی چینی کےذخیرے ، برآمد اور قیمتوں پر مسلسل نظر رکھے اور کسی
بھی غیر یقینی صورتحال کے پیش نظر اقتصادی رابطہ کمیٹی کو سفارشات پیش کرے
۔ ای سی سی نے گندم اور اس سے تیار کی گئی مصنوعات کی برآمد کے عمل میں
اکتیس اگست دو ہزار سترہ سے تیس اکتوبر دو ہزار سترہ تک توسیع کی بھی
منظوری دی ۔
اقتصادی رابطہ کمیٹی نے جھل مگسی سے پندرہ ملین مکعب فٹ گیس اوجی ڈی سی ایل
کو فراہم کرنے اور کسی تیسرے فریق کو مطلوبہ عمل کے تحت فروخت کرنے کی بھی
اجازت دی ۔