ترکی،وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی استنبول میں ترکی کے ڈپٹی وزیراعظم رجب اکدغان سے ملاقات
وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے استنبول میں ترکی کے ڈپٹی وزیراعظم رجب
اکدغان سے ملاقات کی۔ملاقات کے دوران ترک ڈپٹی وزیراعظم کی جانب سے قدرتی
آفات سے نمٹنے اورشعبہ صحت کے اصلاحاتی پروگرام میں ہرممکن تعاون کی یقین
دہانی کرائی گئی۔
اس موقع پرترک ڈپٹی وزیراعظم رجب اکدغان نے کہا ہم پنجاب حکومت کیساتھ اس
ضمن میں معاہدہ کرکے آگے بڑھنے کیلئے تیار ہیں۔پاکستانی ہمارے بھائی
ہیں۔بھائیوں کا ہاتھ تھامنا اورمدد کرنا ہمارا فرض اورذمہ داری ہے۔بھائیوں
کی مدد میں احسان مندی کا کوئی پہلو نہیں ہوتا۔
ترک ڈپٹی وزیراعظم نے مزید کہا پنجاب حکومت کو ہرممکن تعاون دینے کیلئے تیار ہیں۔ترک اور پاکستانی عوام یکجان دوقالب ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا پاکستان اورترکی کا بڑھتا ہوا تعاون
دونوں ملکوں کے تعلقات کی نئی جہتیں کھول رہا ہے۔صحت،سالڈ ویسٹ مینجمنٹ
،توانائی اوردیگر شعبوں میں تعاون پر ترکی کے شکرگزار ہیں۔پنجاب حکومت 9
شہروں میں موٹر بائیکس ایمبولینس سروس کا افتتاح کررہی ہے۔اس ضمن میں ترکی
کے تعاون کے شکرگزار ہیں۔
محمد شہبازشریف نے کہاصحت عامہ کی بہتری کے حوالے سے ترکی کی معاونت کو قدر
کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔صحت اورتوانائی کے شعبوں میں ترکی بے پایاں تعاون
کررہا ہے۔حکومت کی مخلصانہ کاوشوں کے باعث پاکستان میں لوڈ شیڈنگ کا بحران
بہت حد تک ختم ہوچکا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے مزیدکہا آئندہ چند ماہ کے دوران مزید توانائی منصوبے
بجلی کی پیداوار شروع کردیں گے۔ان منصوبوں سے لوڈ شیڈنگ کا مکمل خاتمہ
ہوجائے گا۔