کراچی ، گورنر سندھ محمد زبیر نے صوبہ میں پولیو کے خاتمہ کے لئے نیشنل امیونائزیشن ڈرائیو کاافتتاح کردیا
کراچی میں گورنر سندھ محمد زبیر نے صوبہ میں پولیو کے خاتمہ کے لئے نیشنل
امیونائزیشن ڈرائیو کا گورنر ہاؤس میں افتتاح کردیا۔ اس موقع پر گورنر سندھ
محمد زبیر نے 5 سال سے کم عمر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے۔
ترجمان گورنر ہاؤس کے مطابق اس مہم کے دوران ملک بھر میں 38 ملین جبکہ صوبہ
میں 3.8 ملین بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔
گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا پولیو کے مکمل خاتمہ کے لئے والدین اپنے 5 سال
سے کم عمر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے ضرور پلوائیں۔پولیو کا خاتمہ
پورے معاشرے کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔پولیو قطروں کے بارے میں پائی جانے
والی غلط فہمیوں کو دور کرنے کی ضرورت ہے۔
گورنر سندھ نے کہا اس میں مسلسل آگاہی مہم ضروری ہے تاکہ عوام کو پولیو
قطروں کی افادیت کے بارے میں بتایا جا سکے۔حکومت پولیو کے خاتمہ کے لئے ہر
ممکن اقدامات کر رہی ہے۔امن و امان کے قیام کے بعد پولیو ٹیموں کو ملک کے
تمام علاقوں تک رسائی حاصل ہے۔
محمد زبیر نے کہا صوبہ کے خصوصاً دور دراز علاقوں میں بچوں کو پولیو سے
بچاؤ کے قطرے پلانے کو یقینی بنایا جائے۔سرمایہ کاری میں اضافہ اور تیز
رفتار معاشی ترقی کے لئے پولیو فری پاکستان اشد ضروری ہے۔
گورنر سندھ محمد زبیر نے مزیدکہا ملک سے پولیو کے خاتمہ کے ضمن میں روٹری
کلب کی کاوشیں قابل تحسین ہیں۔روٹری کلب کی پولیو پلس کمیٹی بھی اس ضمن میں
نمایاں خدمات انجام دے رہی ہے۔