ڈیرہ غازی خان ،وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا ڈیرہ غازی خان میں میٹرو بس سروس شروع کرنے کا اعلان
وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے ڈیرہ غازی خان میں میٹرو بس سروس شروع کرنے کا اعلان کردیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے ڈیرہ غازی خان میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے
کہا کہ آج یہاں 123 ارب روپے کی لاگت کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا جارہا
ہے لیکن اس سے پہلے ڈیرہ غازی خان کے مسائل بہت زیادہ تھے، مجھے یاد ہے2010
میں ڈیرہ غازی خان میں آنے والے سیلاب نے سمندر کی شکل اختیار کرلی تھی،
وہ سیلاب 100 سالہ تاریخ کا سب سے بڑا سیلاب تھا جس نے شہر میں تباہی مچادی
تھی مجھے اس وقت سمجھ آئی کہ جنوبی پنجاب کے مسائل کیا ہیں۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ ڈیرہ غازی خان میں 13 ارب روپے کی لاگت سے 55 کلومیٹر
لمبی سڑک کی تعمیر کا یہ منصوبہ تاریخ ساز ہوگا، یہ منصوبہ اگلے سال 30 جون
کو مکمل ہوجائے گا لیکن سڑک کے معیار کی نگرانی سب کو کرنی ہے، عوام کا
پیسہ عوام کی خوشحالی پر خرچ ہونا چاہئے اور ہم عوام کی خدمت کا کوئی موقع
ہاتھ سے جانے نہیں دیتے۔ اگر ہم نے 9 سال میں عوام کا ایک دھیلا بھی کھایا
تو عوام کا ہاتھ اور میرا گریبان ہوگا ، مخالفین نے الزام لگائے کہ شہباز
شریف نے 27 ارب روپے کی رشوت لی اور میں نے پاناماکیس میں سابق وزیر اعظم
نوازشریف اور ان کے خاندان کو بچانے کی کوشش کی لیکن یہ تمام باتیں جھوٹ پر
مبنی ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ میں نے نوٹس دیا تو خان صاحب نے جواب کیوں نہیں دیا
اگر میں نے عوام کا ایک پیسہ بھی کھایا ہے تو عدالت جاؤ اور ثابت کرو لیکن
عمران خان تو عدالت میں پیش ہی نہیں ہوتے میں عدالت گیا تو تین چار سماعتوں
میں سربراہ پی ٹی آئی پیش ہی نہیں ہوئے، عمران خان مختلف صوبوں میں جلسے
کرتے ہیں ، خدا کے لیے عدالت میں بھی پیش ہوجائیں اگراتنے ہی چیمپئن بنتے
ہو تو عدالت میں آکر ثبوت پیش کرو دیر کیوں کررہے ہو۔