نیویارک ،وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے عالمی اقتصادی فورم کے چیئرمین کلاس شواب کی ملاقات
وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے نیویارک میں عالمی اقتصادی فورم کے چیئرمین
کلاس شواب سے بھی ملاقات کی جس میں پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقعوں کے
حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران وزیراعظم شاہد خاقان عباسی
نے پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقعوں کے حوالے سے چیئرمین عالمی اقتصادی
فورم کو آگاہ کیا۔
ترجمان وزیر اعظم ہاؤس کے مطابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ حکومت
نہ صرف پبلک سیکٹر پر توجہ دے رہی ہے بلکہ نجی شعبے کے فروغ کے لیے بھی
کام کر رہی ہے کیوں کہ پرائیویٹ سیکٹر ملکی ترقی میں انجن کی مانند ہے۔
عالمی اقتصادی فورم کے چیئرمین کلاس شواب نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان کے
ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کے بڑے مواقع موجود ہیں، وزیراعظم شاہد خاقان
عباسی نے کلاس شواب کی اس بات سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ ہم مغرب کی جانب
سے سرمایہ کاری کے اضافی وسائل کے بھی منتظر ہیں۔
ملاقات میں پاکستان چائنا اقتصادی راہداری منصوبے پر بھی بات ہوئی اور
وزیراعظم شاہد خاقان نے کہا کہ پاک چائنا اقصادی راہداری چین کی جانب سے
بڑی سرمایہ کاری ہے جس سے ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی۔