نیویارک ، وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سےاقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انٹونیو گوٹریس کی ملاقات
وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے نیویارک میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل
انٹونیو گوٹریس سے ملاقات کی اور کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے
متعلق ڈوزیئر ان کے حوالے کیا۔
ترجمان وزیراعظم ہاؤس کے مطابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے بھارت کی جانب
سے ورکنگ باؤنڈری پر فائرنگ اور اس کے نتیجے میں 4 بے گناہ شہریوں کی
ہلاکت سے بھی اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کو آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے
بتایا کہ اس سال بھارتی فوج کی طرف سے ایل او سی کی 600خلاف ورزیاں کی
گئیں۔
وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے انٹونیو گوٹریس سے درخواست کی کہ کشمیر کے
معاملے پر اقوام متحدہ اپنا خصوصی نمائندہ مقرر کرے۔ انہوں نے کہا کہ خصوصی
نمائندے کی تقرری اس لیے بھی ضروری ہے کہ بھارت نے مذاکرات کے تمام دروازے
بند کردیے ہیں۔ وزیراعظم اور انٹونیو گوٹریس نے افغانستان کی صورتحال پر
بھی بات چیت کی۔
اس موقع پر اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انٹونیو گوٹریس نے قیام امن کے
سلسلے میں پاکستان کے کردار کو سراہا اور اظہار تشکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ
میں نے خود دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے آپریشنز دیکھنے ہیں اور میں
پاکستان کی کوششوں سے کافی متاثر ہوا۔ سیکریٹری جنرل نے کہا کہ افغانستان
میں بات چیت کے ذریعے امن و استحکام لانے کی ضرورت ہے۔ وزیراعظم شاہد خاقان
عباسی نے انٹونیو گوٹریس پر زور دیا کہ اقوام متحدہ کے مبصر مشن کو توسیع
دی جائے۔
شاہد خاقان عباسی سے ملاقات میں سیکرٹری جنرل نے سابق وزیراعظم نواز شریف
سے خوشگوار ملاقاتوں کا بھی حوالہ دیا اور کہا کہ وہ پاکستان کے جمہوری
استحکام سے بھی بہت متاثر ہوئے ہیں۔