کراچی،وزیر اعلیٰ سندھ کی جانب سے تاجروں کے اعزاز میں عشائیہ
وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ چند ادارے اپنے آپ کو
ایماندار اور دوسروں کو کرپٹ تصور کرتے ہیں، اس خود فریبی کا خاتمہ ہونا
چاہیے،کچھ لوگ ٹی وی پروگراموں کے ذریعے مجھ پر تنقید کرتے ہیں لیکن میں
اپنے ناقدین کی تنقید سے انرجی لیتا ہوں،یہ بھی پروپیگنڈا کیا گیا کہ تھر
کا کوئلہ بجلی بنانے کے قابل نہیں ہے ، ہم نے اس پر کام کیا اب 2 بلین ڈالر
کی سرمایہ کاری ہوچکی ہے ، ہم تھر کے کالے کوئلے سے پورے ملک کو روشن کریں
گے ، اس سے بننے والی بجلی سے صنعتوں کا پہیہ تیز رفتاری سے چلے گا اور ہم
دنیا کو تھر سے بجلی برآمد کریں گے۔
وزیر اعلیٰ ہائوس میں اپنی جانب سے صنعتکاروں کے اعزاز میں دیے گئے عشائیہ
سے خطاب کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہاکہ ہم صنعتکاروں کو اہمیت دیتے ہیں
کیونکہ آپ ہماری معیشت کی بڑھتی ہوئی قوت ہیں، انہوں نے صنعت کاروں سے کہا
کہ آپ سرمایہ کاری کریں حکومت آپ کے ساتھ ہر قسم کا تعاون اور مدد فراہم
کرے گی۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ کراچی کی آبادی میں بغیر کسی منصوبہ
بندی کے اضافہ ہورہا ہے لہٰذا اب اس کو بھی ڈائریکشن میں لینا ہے ، انہوں
نے کہا کہ صوبائی حکومت شہر میں 12ارب روپے کے منصوبے شروع کرنے جارہی ہے ،
لہٰذا آپ کو میرا ساتھ دینا ہوگا۔ ترقیاتی کاموں کے دوران شہریوں کو
تکالیف کا بھی سامنا کرنا پڑے گا لیکن میری کوشش یہ ہو گی کہ 6ماہ کے اندر
کام مکمل کرلیا جائے ۔
عشائیہ میں صوبائی وزراء سمیت معروف کاروباری شخصیات عارف حبیب، عقیل کریم
ڈھیڈی ، شمیم فرپو، دیوان یوسف ، تابش ٹپال، خالد نواز ، ماجد عزیز، ایس
ایم مبین سمیت 100 سے زائد صنعتکاروں نے شرکت کی۔
مراد علی شاہ نے مزیدکہا کہ قائد اعظم کے یوم پیدائش والے دن کراچی سرکلر ریلوے منصوبے پر کام شروع کردینگے۔