لاہور،شہر کے مقامی ہوٹل میں پہلی ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسرزکانفرنس کا انعقاد
لاہور کے مقامی ہوٹل میں صوبے کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسرز ہیلتھ کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔
اس موقع پرصوبائی وزیر پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ خواجہ عمران نذیر نے
ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسرز ہیلتھ کو ہدایت کی ہے کہ وہ تحصیل کی سطح پر ہیلتھ کیئر
ڈلیوری سسٹم کو ترقی دینے میں اپنا کردار موثر طریقہ سے ادا کرتے ہوئے
اپنے زیر اختیار بنیادی مراکز صحت ، دیہی مراکز صحت ، ہیلتھ سینٹرز کو اونر
شپ دیتے ہوئے ان شفاء خانوں کی کارکردگی بہتر بنائیں ،تحصیل کی سطح پر
ڈینگی کی روک تھام ، پولیو اور دیگر بیماریوں کے خلاف پروگراموں کو کامیاب
بنانے کے لئے ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسرز ہیلتھ ماسٹر کی کا درجہ رکھتے ہیں ۔
خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ صوبے سے حاملہ خواتین میں تشنج کی بیماری کا
خاتمہ ، بچوں کے اسہال کی مہلک بیماری کے علاج کے لئے روٹا وائرس ویکسین
متعارف کرانا، ڈینگی پر موثر کنٹرول او رپولیو کے خاتمہ کے لئے کامیاب
کوششیں محکمہ پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کی اہم کامیابی ہے ۔ خواجہ عمران
نذیر نے کہاکہ آج پنجاب کے تمام ڈی ایچ کیوز ، ٹی ایچ کیوز ، بی ایچ یوز
ہسپتالوں میں اعلی معیار کی ادویات عوام کے لئے فراہم کی جارہی ہیں جو
وزیراعلی محمدشہبازشریف کا مشن ہے ۔
صوبائی وزیر پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ خواجہ عمران نذیرنے کہا کہ ڈپٹی
ڈسٹرکٹ آفیسرز ہیلتھ کو ہدایت کی کہ عاشورہ محرم کے دوران عزاداروں کو
میڈیکل کور فراہم کرنے اور چہلم تک تمام مراکز صحت اور دیگر ہیلتھ سینٹرز
پرعلاج معالجہ کے خصوصی انتظامات کئے جائیں ۔وزیر صحت کا کہنا تھا کہ شعبہ
صحت سے وابستہ افسران و اہلکاران انسانی جانوں کو بچانے کے فرائض انجام دے
رہے ہیں جو عام سرکاری ڈیوٹی سے ہٹ کر ہے اور عبادت کا درجہ رکھتی ہے ۔
کا نفرنس میں سیکرٹری پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ علی جان خان ، سپیشل
سیکرٹری ڈاکٹر فیصل ظہور، ایڈیشنل سیکرٹری (ایڈمن) ڈاکٹر فاروق منظور،
ڈائریکٹر آئی آر ایم این سی ایچ پروگرام ڈاکٹر مختار حسین سید ، ڈاکٹر
اختر رشید ملک ،ایڈیشنل سیکرٹری ورٹیکل پروگرامز ڈاکٹر سعدین ، ڈائریکٹر ای
پی آئی ڈاکٹر محمد منیر ، ڈائریکٹر پنجاب ہیپا ٹائٹس کنٹرول پروگرام
ڈاکٹر زاہدہ سرور کے علاوہ محکمہ صحت کے دیگر افسران اور تمام اضلاع کے
ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسرز ہیلتھ حضرات نے شرکت کی ۔