Sep 25, 2017 03:42 pm
views : 566
Location : Governor House
Karachi- Governor Sindh Chairs Red Crescent Meeting
کراچی،گورنر سندھ محمد زبیر کی زیر صدارت سندھ ہلال احمر سوسائٹی کا سہ سالہ اجلاس
گورنر سندھ اور سندھ ہلال احمر سوسائٹی کے صدر محمد زبیر کی سربراہی میں سوسائٹی کا سہ سالہ جنرل اجلاس منعقد ہوا۔
گورنر ہاؤس میں منعقدہ اجلاس میں آئندہ تین سال کی مدت کیلئے مسز شہناز
حامد کو سوسائٹی کا چیئر پرسن جبکہ سردار یٰسین ملک کو نائب صدر منتخب کیا
گیا جبکہ ڈاکٹر جنید علی شاہ، ڈاکٹر فرحان عیسیٰ، سیما عادل، ڈاکٹر زبیر
مرزا، سیکرٹری صحت اور ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے کو منیجنگ کمیٹی کا رکن
منتخب کیا گیاہے۔
اس موقع پر مدت مقرر کرنے والی چیئرپرسن مسز فرزانہ نائیک اور ان کی زیر
قیادت کام کرنے والی مینجمنٹ کمیٹی کوگورنر سندھ نےخراج تحسین پیش کرتے
ہوئے کہا کہ گزشتہ 3سال کے دوران ہلال احمر سوسائٹی سندھ نے محدود وسائل کے
باوجود نمایاں کام کیا ہے ۔
محمد زبیر عمر نے کہا کہ سیلاب اور دیگر قدرتی آفات اور حادثات کے دوران
ہلال احمر کی خدمات نمایاں رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سوسائٹی کی جانب سے
اسکول سیفٹی پروگرام کا آغاز وقت کی اہم ضرورت ہے کیونکہ طالبعلموں اور
اساتذہ کو کسی حادثہ یا دہشتگردی کے واقعہ کی صورت میں اپنے تحفظ کے
اقدامات سے آگاہ کرنا ایک زبردست کاوش ہے جس کیلئے ناروے کی ریڈ کراس کا
تعاون بہت خوش آئند ہے۔
گورنر سندھ نے مزید کہا کہ ہلال احمر کراچی کے علاوہ صوبہ کے دیگر 16اضلاع
میں کام کررہی ہے جبکہ اسکے دائرہ کار کو پورے صوبہ تک بڑھانے کی ضرورت ہے
تاکہ صوبہ بھر کے عوام اس کی خدمات سے فائدہ اٹھا سکیں ۔