Sep 29, 2017 06:39 pm
views : 726
Location : CM Secritariat
Lahore- CM Punjab Shahbaz Sharif Meeting with Turkish Minister
لاہور، وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے ترکی کی پارلیمنٹ کے رکن برہان کیاترک کی ملاقات
لاہور میں وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے ترکی کی پارلیمنٹ کے رکن
برہان کیاترک نے ملاقات کی۔ملاقات کے دوران پاکستان اور ترکی کے مابین
دوطرفہ تعلقات کے فروغ اور مختلف شعبوں خصوصا ہیلتھ کیئر میں تعاون بڑھانے
پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ممبر ترک پارلیمنٹ کی جانب سے شعبہ صحت کی بہتری
اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے کی یقین دہانی کروائی ۔
ترجمان وزیر اعلیٰ ہاؤس کے مطابق ترکی کی پارلیمنٹ کے رکن برہان کیاترک نے
کہا آپ ہمارے بھائی ہیں اوربھائیوں کا ہاتھ تھامنا کوئی احسان نہیں۔یہ
ہماری ذمہ داری بھی ہے اور فرض بھی۔پنجاب کے ہیلتھ کیئر سسٹم کو خوب سے خوب
تر بنانے کے لئے ہر ضروری تعاون مہیا کریں گے۔
ترکی کی پارلیمنٹ کے رکن برہان کیاترک نے مزید کہاوزیراعلی شہبازشریف نے
ہیلتھ کیئر سسٹم کی بہتری کے لئے بے پناہ محنت سے کام کیاہے۔پنجاب کے ہیلتھ
کیئر سسٹم میں اصلاحات کے دور رس نتائج سامنے آئیں گے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا پاکستان او ر ترکی کی موجودہ
قیادت کے دور میں دونوں ملکوں کے تعلقات نئی بلندیوں کو چھو رہے ہیں۔پاک
ترک دوستی معاشی تعاون میں ڈھل رہی ہے۔ترکی کی متعدد کمپنیاں پاکستان خصوصا
پنجاب کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کررہی ہیں۔
محمد شہباز شریف نے کہاترکی نے مشکل کی ہرگھڑی میں پاکستان کا بھرپور ساتھ
نبھایاہے۔شعبہ صحت کو بہتر بنا کر ہی دکھی انسانیت کا دکھ بانٹا جا
سکتاہے۔اس مقصد کے لئے پنجاب حکومت نے کئی اصلاحات متعارف کرائی ہیں۔ہیلتھ
کیئر سسٹم کو بہتر بنانا میرا مشن ہے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے مزید کہااس مقصد کے حصول کے لئے ترکی
کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔پاکستان اور ترکی ترقی و خوشحالی کے
سفر میں قدم سے قدم ملا کر چل رہے ہیں۔