Sep 30, 2017 01:51 pm
views : 664
Location : Different Areas
Karachi- 9th Moharram Procession, Security High Alert
کراچی ، 9محرم الحرام کے جلوس: سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات، موبائل فون سروس معطل
شہدائے کربلا کی عظیم قربانی کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے ملک بھر میں 9 محرم الحرام کے جلوس نکالے جارہے ہیں۔
کراچی سمیت ملک کے دیگر چھوٹے بڑے شہروں سے نواسہ رسولؐ حضرت امام حسینؓ
اور ان کے ساتھیوں کی عظیم قربانی کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے شبیہ و
علم اور ذوالجناح کے جلوس نکالے جارہے ہیں۔
اس موقع پر ملک بھرمیں انتہائی سخت سیکیورٹی انتظامات کے تحت کراچی، لاہور،
کوئٹہ، اسلام آباد، پشاور، ملتان، فیصل آباد، سکھر، کشمور، حیدرآباد،
سرگودھا، سمیت دیگر چھوٹے بڑے شہروں میں موبائل فون سروس معطل ہے۔
کراچی میں 9 محرم کا نشتر پارک سے برآمد ہونے والا مرکزی جلوس اپنے مقررہ
راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ حسینیہ ایرانیاں کھارادر پر اختتام پذیر
ہوگا، جلوس کی گزر گاہوں سے ملحقہ سڑکوں کو کنٹینرز رکھ کر بند کیا گیا ہے۔
جلوس کی گزر گاہ ایم اے جناح روڈ اور صدر کا علاقہ ہے جہاں 10 محرم کی رات
تک دکانیں اور سڑکیں بند رہیں گی جب کہ جلوس کی گزرگاہوں کو 9 سیکٹر اور 23 سب
سیکٹر میں تقسیم کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ شہر بھر میں موٹر سائیکل کی ڈبل
سواری پر بھی پابندی ہے۔
ترجمان وزیر داخلہ سندھ کے مطابق صوبے بھر میں 4 ہزار 281 ماتمی جلوس برآمد
ہوں گے اور 14 ہزار 563 مجالس منعقد کی جائیں گے جب کہ تعزیوں کے ایک ہزار
552 جلوس برآمد ہوں گے۔
ترجمان نے بتایا کہ کراچی میں 6 ہزار 485 مجالس، 655 جلوس اور 414 تعزیے نکالے جائیں گے۔