کراچی،سیکیورٹی کے پیش نظر موبائل سروس معطل
شہر قائد میں صبح سے ہی موبائل فون سروس معطل ہوگئی ہے ،محکمہ داخلہ کے
مطابق آٹھ، نو اور دس محرم الحرام کے جلوس میں سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر شہر میں موبائل
فون سروس معطل کی گئی ہے۔
موبائل فون سروس کوسندھ حکومت کی سفارش پر معطل کیا گیاہے ، اچانک موبائل
فون سروس معطل ہونے پر لوگوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
دوسری جانب محرم الحرام کے جلوس کے روایتی راستوں کو بھی سیل کردیا گیا ہے،
ایم اے جناح روڈ، نیو ایم اے جناح روڈ، ایمپرس مارکیٹ اور اس سے ملحقہ
گلیوں کو بند کیا گیا ہے،کراچی کی طرح ملک کے دیگر شہروں میں بھی حساس
مقامات اور علاقوں میں موبائل فونز صبح سے ہی خاموش ہوگئے۔ انتظامیہ کے
مطابق موبائل فون سروس کو محرم الحرام کے سلسلے میں نکالنے والے جلوس کی
سیکیورٹی کے باعث معطل کیا گیا ہے، بہاولنگر، فیصل آباد، کوئٹہ، گلگت
بلتستان سمیت مختلف شہروں میں موبائل سروس بند ہے۔
اس سلسلے میں ذرائع ابلاغ عامہ کے نمائندے سے گفتگو کرتے ہوئے ایک شہری
محمدعدنان نے کہا کہ دنیا بھر میں کہیں بھی اس طرح نہیں ہوتا کہ سیکیورٹ کے
لئے موبائل فون بند کئے جائیں۔
ایک شہری اقبال نے کہا کہ موبائل سروس بند کرنا مسئلے کا حل نہیں ہے اس مسئلے کا مستقل حل نکالا جانا چاہیے۔