کراچی،وزیر قانون سندھ ضیا الحسن لنجار کا سینٹرل جیل کراچی کا دورہ
سینٹرل جیل کراچی میں قیدیوں کو سہولتیں دینے اور جیل میں غیرقانونی
سرگرمیوں سے متعلق تحقیقات میں کرائم برانچ نے جیل انتظامیہ کو ملوث قرار
دیتے ہوئے آئی جی جیل خانہ جات سمیت اہم عہدوں پر تعینات افسران و
اہلکاروں کو ہٹانے کی سفارش کردی ہے۔
ایک طرف جہاں آئی جی جیل خانہ جات کو تبدیل کرنے کی سفارش کی گئی ہے وہیں
دوسری طرف سندھ کے وزیر قانون ضیا الحسن لنجار نے صوبے کے جیلوں کی
سیکیورٹی صورتحال کو بہتر قرار دیا ہے۔
سینٹرل جیل کراچی کے دورے کے موقع پر ذرائع ابلاغ عامہ کے نمائندوں سے
گفتگو کرتے ہوئے ضیاالحسن لنجار نے کہا کہ اختیارات کی کوئی جنگ نہیں چل
رہی، قیدیوں سے متعلق تمام کیس میرٹ پر چل رہے ہیں، 90 فیصد قیدی کراچی جیل
سے دوسری جیلوں میں منتقل کیے جاچکے ہیں، ماضی میں جیل میں بگاڑ رہا ہے
لیکن ہم اسے ٹھیک کر رہے ہیں۔
وزیر قانون سندھ نے کہا کہ سندھ بھر کے جیلوں میں سیکیورٹی کی صورتحال بہتر ہے اور جیل میں کالعدم تنظیمیوں کے گروپس موجود نہیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جیل کا نظام اب کافی بہتر ہوگیا ہے، رینجرز نے سندھ حکومت
کی درخواست پر جیل میں آپریشن کیا جب کہ سی ٹی ڈی کو ہم نے جیل میں آپریشن
کی اجازت نہیں دی جبکہ کراچی سینٹرل جیل میں انتہائی خطرناک قیدیوں کا نیٹ
ورک توڑ دیا گیاہے۔