Oct 05, 2017 07:53 pm
views : 653
Location : CM Secretariat
Lahore- CM Punjab Shahbaz Sharif chairs meeting regarding Khamosh Authority
لاہور ، وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف کی زیرصدارت پنجاب شہر خموشاں اتھارٹی کا اجلاس
لاہور میں وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف کی زیرصدارت پنجاب شہر خموشاں اتھارٹی
کا اجلاس ہوا۔اجلاس میں شہر خموشاں کی طرز پر قبرستان بنانے کے پروگرام کا
دائرہ کار بڑھانے کا فیصلہ بھی کیا گیا ۔اجلاس میں اتھارٹی کے لئے بھرتیوں
کی بھی منظوری دی گئی۔
ترجمان وزیر اعلیٰ ہاؤس کے مطابق وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے کہا 9 ڈویژنز
کے ساتھ پنجاب کے ہر ضلع میں شہر خموشاں کی طرز پر ماڈل قبرستان بنائے
جائیں گے۔ شہر خموشاں کا دائرہ کار بڑھانے کے لئے اراضی کی نشاندہی کا کام
جلد مکمل کیا جائے۔
وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہاشہر خموشاں اتھارٹی دفاتر بھی اسی
جگہ بنائے جائیں جہاں قبرستان بنانے کیلئے اراضی کی نشاندہی ہو۔اس سے وسائل
کی بچت بھی ہوگی۔ شہر خموشاں کا دائرہ کار بڑھانے کے حوالے سے اراضی کی
نشاندہی کے کام میں تاخیر برداشت نہیں کروں گا۔
محمد شہبازشریف نے کہاشہر خموشاں کے لئے سٹرکچرل ڈیزائن کو مناسب بنایا
جائے تاکہ قبرستان کیلئے زیادہ جگہ دستیاب ہو۔ آبادی بڑھنے کے ساتھ نئے
قبرستان بنانا ضروری ہو گیا ہے۔ شہر خموشاں کا دائرہ کار بڑھنے سے میتوں کو
دفنانے کی سہولت ملے گی۔
وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اس ضمن میں صوبائی وزیر بلدیات کی سربراہی میں
کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت بھی کی ۔کمیٹی اراضی کی نشاندہی کرکے آئندہ چند
روز میں اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔
وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے مزید کہا یہ کام کرنے والے دین و دنیا دونوں کما رہے ہیں۔اس نیک کام کو محنت کے ساتھ آگے بڑھانا ہے۔
ڈی جی پنجاب شہر خموشاں اتھارٹی سلمان صوفی نے بریفنگ دی۔
صوبائی وزراء رانا ثناء اللہ، منشاء اللہ بٹ، مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ
احمد حسان، انسپکٹر جنرل پولیس اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔میئرز
اور کمشنرز نے اپنے اپنے ڈویژنز سے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت
کی۔چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات بھی ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک
ہوئے۔