Oct 06, 2017 05:25 pm
views : 679
Location : CM Secretariat
Lahore- CM Punjab Shahbaz Sharif Meeting with British Health Delegation
لاہور ، وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس
لاہور میں وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس
ہوا۔اجلاس میں ڈرگ ٹیسٹنگ لیبز کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے
حوالے سے جاری پروگرام پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔
اس موقع پر برطانیہ کی ایل جی سی لیب کے اعلیٰ حکام نے ڈرگ ٹیسٹنگ لیبز کے
نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے حوالے سے جاری پروگرام پر بریفنگ دی۔
ترجمان وزیر اعلیٰ ہاؤس کے مطابق برطانوی ماہرین نے کہا پنجاب حکومت نے ڈرگ
ٹیسٹنگ لیبز کے حوالے سے نمایاں پیش رفت کی ہے۔ڈرگ ٹیسٹنگ لیب لاہور میں
ادویات کے نمونوں کی چیکنگ کا نظام انتہائی اعلیٰ معیار کا ہے۔
برطانوی ماہرین نے مزید کہاوزیراعلیٰ شہبازشریف کی ذاتی دلچسپی کے باعث
پروگرام پر پیش رفت قابل ستائش ہے۔مستقبل میں بھی ہمارا تعاون جاری رہے گا۔
وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا صوبے کے عوام کو معیاری ادویات کی
فراہمی میرا مشن ہے۔اس مقصد کے حصول کیلئے ڈرگ ٹیسٹنگ لیبز کے نظام کو جدید
خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے۔ لاہور میں سٹیٹ آف دی آرٹ ڈرگ ٹیسٹنگ لیب
شاندار انداز میں کام کر رہی ہے۔
محمد شہبازشریف نے کہاراولپنڈی، ملتان، فیصل آباد اور بہاولپور میں بھی ڈرگ
ٹیسٹنگ لیبز کو عالمی معیار کے مطابق بنایا جا رہا ہے۔ اس نظام سے عوام کو
معیاری ادویات مہیا ہوسکیں گی۔ جعلی اور غیر معیاری ادویات کا خاتمہ ہوگا۔
کوالٹی مینجمنٹ سسٹم کے تحت ادویات کے نمونوں کی چیکنگ کا نظام وضع کیا
گیا ہے۔ ماسٹر ٹرینرز برطانیہ سے تربیت حاصل کر رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا ڈرگ ٹیسٹنگ لیبز کے عملے کی باقاعدگی سے تربیت کا
اہتمام کیا جائے۔ انسان کوشش کرے تو ہر مشکل پر قابو پاسکتا ہے۔ محنت، عزم
اور جذبے کے ساتھ آگے کی جانب بڑھنا ضروری ہوتا ہے۔ڈرگ ٹیسٹنگ لیبز کے نظام
میں بہتری کا فائدہ عوام کو پہنچے گا۔عوام کو غیر معیاری اور جعلی ادویات
سے چھٹکارا ملے گا۔
صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر، چیف سیکرٹری، چیئرمین منصوبہ بندی و
ترقیات، سیکرٹریز صحت اور ایل جی سی لیب برطانیہ کے ماہرین نے اجلاس میں
شرکت کی۔