لاہور، آج ملک بھر میں قدرتی آفات سے آگاہی کا عالمی دن منایا جا رہا ہے
پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے زیر اہتمام ناصر باغ میں قدرتی آفات سے
قبل از وقت آگاہی کے لیے تقریب کا انعقاد کیا گیا، تقریب میں ریسکیو 1122
اور محکمہ سول ڈیفنس سمیت سول سوسائٹی کے نمائندوں نے شرکت کی، آگاہی دن
کا آغاز سائرن بجا کر کیا گیا، 8 اکتوبر 2005 کے زلزلے میں شہید ہونے
والوں کیلئے دُعا کرائی گئی۔
اسموقع پر ڈی جی پی ڈی ایم اے مدثر وحید ملک اور ڈی جی ریسکیو رضوان نصیر
کی قیادت میں ناصر باغ سے ٹاؤن ہال تک ریلی نکالی گئی،ریلی میں شرکاء نے
بینرز اور پلے کارڈ اُٹھا رکھے تھے جن پر آفات سے نمٹنے کیلئے تدابیر درج
تھیں۔
ذرائع ابلاغ عامہ کے نمائندوں سےگفتگو کرتے ہوئے ڈی جی ریسکیو1122 ڈاکٹر
رضوان نصیر نے کہا کہ8 اکتوبر کا زلزلہ ہمیں بہت کچھ سکھاگیا ہے جبکہ
شہریوں کیلئے یونین کونسل سطح پر احتیاطی تدابیر سے نمٹنے کیلئے تربیت
کیلئے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
ڈائریکٹر پی ڈی ایم اے ڈاکٹر خرم نے کہا کہ کالج یونیورسٹی سمیت مختلف
راستوں سے آگاہی فراہم کی جا رہی ہے تاکہ آفت سے قبل از وقت نمٹا جا سکے۔
تقریب کے اختتام پر محکمہ سول ڈیفنس کی جانب سے ٹاؤن ہال کے مرکزی دروازے پر آگاہی پمفلٹ بھی تقسیم گئے۔