اسلام آباد، نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن(ر) صفدر احتساب عدالت میں پیش
سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن(ر) صفدر
احتساب عدالت میں پیش ہوگئے جہاں انہوں نے ضمانتی مچلکے جمع کرائے جس کے
بعد عدالت نے کیپٹن(ر) صفدر کو رہا کرنے اور ان کا میڈیکل چیک اپ کرنے کا
حکم جاری کردیا جبکہ نواز شریف کی جانب سے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دی
گئی جس پر عدالت نے فیصلہ محفوظ کرلیا ہے۔
اس موقع پر ن لیگ کے کارکنوں کی بڑی تعداد عدالت کے باہر موجود رہی جبکہ کارمنوں کی جانب سے شدید نعرے بازی بھی کی گئی۔
سابق وزیراعظم نوازشریف کی صاحبزادی مریم نواز احتساب عدالت میں پیش ہوئیں
جہاں ان کے خلاف دائر نیب ریفرنسز کی سماعت ہوئی۔ احتساب عدالت میں پیش
ہونےکے بعد مریم نواز کو نیب ریفرنس کی کاپیاں فراہم کی گئیں اور50 لاکھ
روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا بھی حکم دیا گیا جس پر ڈاکٹر طارق فضل
چوہدری نے مریم نواز کے ضمانتی مچلکے بھی جمع کروائے ۔
سماعت کے موقع پر احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے استفسار کیا کہ 2 ملزمان
غائب ہیں جب کہ نوازشریف بھی نہیں آئے جس پر نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث
کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے نواز شریف حاضر نہ ہو سکے کیونکہ ان کی اہلیہ
علیل ہیں،نواز شریف کی لندن روانگی کے بعد میڈیکل رپورٹ سامنے آئی لہذا 15
روز کی مہلت دی جائے۔
نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ ملزم غائب ہے لہذا ان کے نا قابل
ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے جائیں، سی پی آر سی سیکشن 92کے تحت نواز شریف
کے وارنٹ جاری کئے جائیں جب کہ نواز شریف عدالت کو بتائے بغیر لندن گئے۔
مریم نواز کی احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر جوڈیشل کمپلیکس کے باہر
سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ، سیکیورٹی کے پیش نظراحاطہ عدالت میں
ایف سی کے ایک ہزاراہلکار تعینات کیے گئے ہیں،احاطہ عدالت میں لیگی
رہنمائوں سمیت تمام افراد کا داخلہ بند کردیا گیا تھا تاہم وفاقی وزرا کو
اندر جانے کی اجازت تھی ۔ رینجرز کی گاڑی جوڈیشل کمپلیکس کے باہر موجود ہے
تاہم اسے اندر جانے کی اجازت نہیں دی گئی جب کہ خواتین پولیس اہلکاروں کی
بڑی تعداد جوڈیشل کمپلیکس کے باہرموجود ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ رات مریم نواز اور ان کے شوہر کیپٹن (ر)صفدر لندن سے
براستہ دوحہ اسلام آباد ائیر پورٹ پہنچے تھےجہاں ائیرپورٹ کے راول لانج سے
باہر نکلتے ہی عدالتی حکم کے مطابق کیپٹن صفدر کو حراست میں لے لیا گیا
تھا اور اسلام آباد کے علاقے میلوڈی میں واقع نیب کے سیل منتقل کردیا گیا
تھا۔