لاہور ، کورکمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل صادق علی کی وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے الوداعی ملاقات
لاہور میں وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ
جنرل صادق علی نے الوداعی ملاقات کی ،ملاقات کے دوران وزیراعلیٰ پنجاب
محمد شہباز شریف نے پیشہ ورانہ فرائض انجام دینے پر لیفٹیننٹ جنرل صادق علی
کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔
ترجمان وزیر اعلیٰ ہاؤس کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کور کمانڈر
لاہور لیفٹیننٹ جنرل صادق علی سے ملاقات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی
بہادر مسلح افواج پر قوم کو ناز ہے۔
پاک افواج کے جری سپوتوں نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں نئی تاریخ رقم کی ہے
اور پاک فوج کے افسروں اور جوانوں نے ملک میں امن کے قیام کے لیے بیش قیمت
قربانیاں دی ہیں۔شہدا کے خون کی بدولت آج پاکستان میں امن قائم ہواہے۔
انھوں نےکہاکہ سیاسی وعسکری قیادت کےاتفاق رائے سے کیے گئے فیصلوں سے
دہشتگردی کے خلاف جنگ میں شاندار کامیابیاں ملی ہیں ۔یہ جنگ پاکستان کی
بقاءکی جنگ ہے ، جسے اتحاد کی قوت اور مشترکہ کاوشوں سے جیت کر دم لیں گے۔