پشاور،فاٹا کو الگ صوبے کا درجہ دینے سے ہی قبائلیوں کے مسائل حل ہونگے، مفتی عبدالشکور
امیرجمعیت علمائے اسلام فاٹا مفتی عبدالشکور نے کہا کہ جے یو آئی کے زیر
اہتمام 14 اکتوبر کو ہونے والے قبائلی نوجوانان کانفرنس کیلئے ڈپٹی کمشنر
پشاور نے اجازت نامہ دینے سے انکار کردیاہے۔ طہماس خان اسٹیڈیم میں کانفرنس
منعقد کرنے کے بارے انتظامیہ سے مشاورت بھی ہوئی تھی۔ اگر کوئی مسئلہ پیدا
کیاگیا تو پشاور کو جام کردیں گے۔
پشاور پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے امیر جمعیت علمائے اسلام فاٹا
مفتی عبدالشکور کا کہناتھا کہ فاٹا کا خیبرپختونخوا میں انضمام کے خلاف 14
اکتوبر کو قبائلی نوجوانان پر مشتمل ایک یوتھ کانفرنس کا طہماس خان اسٹیڈیم
پشاور میں انعقاد کیاگیاہے لیکن پشاور کی ضلعی انتظامیہ کیساتھ مشاورت کے
باوجود اجازت نامہ نہیں مل رہا۔
مفتی عبدالشکور کا کہنا تھا کہ اگرکسی قسم کا مسئلہ پیداکیاگیا یا
گرفتاریاں عمل میں لائی گئیں تو جمعیت علمائے اسلام کے کارکنان پورے پشاور
کو جام کردیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ فاٹا کو الگ صوبہ بنانا قبائل کی
خواہش ہے اور فاٹا کو خیبرپختونخوا میں ضم کرنے کا کوئی فائدہ نہیں۔
امیرجمعیت علمائے اسلام فاٹا مفتی عبدالشکور نے مزیدکہا کہ شاہ جی گل
آفریدی نیٹو سپلائیر اور امریکہ کے ایجنٹ ہے جبکہ دیگر پارٹیاں بھی امریکہ
کی خوشنودی کیلئے قبائل کو اپنے حقوق سے محروم کررہے ہیں۔ فاٹا کو الگ صوبے
کا درجہ دینے سے ہی قبائلیوں کے مسائل حل ہونگے۔