Oct 13, 2017 04:50 pm
views : 582
Location : Domestic Place
Islamabad- PM chairs meeting of Cabinet Committee on Energy
اسلام آباد،وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے توانائی کا اجلاس
وزیراعظم شاہدخاقان عباسی کی صدارت میں کابینہ کمیٹی برائے توانائی کا
اجلاس ہوا، اجلاس میں پورٹ قاسم میں کوئلے سے چلنے والے بجلی گھر ،نیلم
جہلم پن بجلی منصوبے ،تربیلا فور اور گولن گول سے بجلی کی ٹرانسمیشن لائن
بچھانے کے منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیاگیا۔
این ٹی ڈی سی کے مینجنگ ڈائریکٹر نے شرکا کو بتایا کہ پورٹ قاسم پاور پلانٹ
سے بجلی کی ٹرانسمیشن لائن اکتیس اکتوبر دو ہزار سترہ کی مقررہ تاریخ سے
بھی پہلے مکمل کرلی جائیں گی، اسی طرح نیلم جہلم اور تربیلا فور منصوبوں سے
بجلی کی پیداوار شروع ہونے سے پہلے ان کی ٹرانسمیشن لائنز بھی مکمل
ہوجائیں گی ۔
گولن گول منصوبے سے بجلی کی پیداوار دسمبر دو ہزار سترہ میں شروع ہوگی،
جبکہ چترال کی تمام وادیوں کو بجلی کی فراہمی کے لئے پانچ ارب دس کروڑ کی
لاگت کے دو منصوبوں کے پی سی ون کی تیاری پر کام ہورہاہے ۔
وزیراعظم نے وزارت بجلی و پیسکو کو ہدایت کی کہ وہ ان منصوبوں کے پی سی ون
کی منظوری کا عمل جلد مکمل کریں تاکہ چترال کے تمام گاؤں جلد سے جلد روشن
کئے جاسکیں ، وزارت بجلی نے اجلاس کو بتایا کہ ایران پاکستان کو مزید سو
میگا واٹ بجلی دینے میں دلچسپی رکھتا ہے جو سو میگاواٹ کےسالانہ قابل تجدید
معاہدے کے علاوہ ہوگی ۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ مکران ڈویژن بالخصوص گوادر پورٹ اور انڈسٹریل ایریا
کو اضافی سو میگا واٹ کی فراہمی کے لئے ٹرانسمیشن لائنز اور گرڈ اسٹیشن
مکمل کرلئے گئے ہیں، کابینہ کمیٹی برائے توانائی نے تجویز کی منظوری دیتے
ہوئے وزارت کو ہدایت کی کہ ایران سے اضافی سو میگاواٹ بجلی خریدنے کے لئے
فوری اقدامات کئے جائیں ۔
وزیراعظم نے وزارت بجلی کو ہدایت کی کہ مکران ڈویژن اور قومی گرڈ کو
ٹرانسمیشن لائن کے ذریعے منسلک کرنے کا کام ترجیحی بنیاد پر مکمل کیاجائے۔