اسلام آباد،وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن (آپٹما) کے وفد سےملاقات
وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نےآل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن (آپٹما) کے وفد سےملاقات کی ۔
وزیراعظم آفس میں ہونے والی ملاقات کے دوران شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ
حکومت کاروبار کے فروغ کے لئے سازگار فضاء پیدا کرنے اور بین الاقوامی
مارکیٹ میں مسابقت کی حامل ملکی مصنوعات کی تیاری کے لئے ہر ممکنہ اقدامات
اٹھانے کے لئے پرعزم ہے۔
وزیراعظم نے حکومت کے اس عزم کا اعادہ کیا کہ کاروبار کے فروغ کے لئے
سازگار فضا پیدا کرنے اور اپنی مصنوعات کو بین الاقوامی مارکیٹ میں زیادہ
مسابقانہ بنانے کے لئے پالیسی اقدامات سمیت ہر ممکنہ اقدامات جاری رکھے
جائیں گے، وفد نے برآمدات میں اضافے اور اس کے نتیجہ میں ملک کے تجارتی
خسارہ میں کمی لانے کے لئے مختلف تجاویز پیش کیں۔
تجاویز کا جواب دیتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ حکومت کسی بھی ایسی تجویز پر
کام کرنے کے لئے تیار ہے جس سے برآمدات میں واضح اضافہ یقینی بنایا جا سکے
اور جس سے تجارتی خسارے میں کمی اور روزگار میں اضافہ کے فوائد حاصل ہوں۔
وزیراعظم نے وزیر تجارت کو ہدایت کی کہ وہ برآمد کنندگان کے ساتھ مل بیٹھیں
اور انہیں قابل عمل ٹھوس سفارشات پیش کریں۔
آپٹماوفد نے ملک میں بالخصوص صنعتی صارفین کے لئے توانائی کے تحفظ کو یقینی
بنانے کے لئے حکومت کی کوششوں کو سراہا،وفد نے وزیراعظم کے برآمدی پیکیج
پر نظر ثانی اور اضافے پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا جس کا مقصد دنیا بھر
میں روائتی اور غیر روائتی منڈیوں کی تلاش کے لئے برآمد کنندگان کو سہولت
فراہم کرنا ہے۔
اس موقع پروزیر خزانہ اسحاق ڈار، وزیر تجارت پرویز ملک، وزیراعظم کے
معاونین خصوصی ہارون اختر اور مفتاح اسماعیل اور متعلقہ وزارتوں کے سینئر
حکام بھی ملاقات میں موجود تھے۔