لاہور،انصاف کی فراہمی میں عجلت انصاف کو دفن کرنے کے مترادف ہے،چیف جسٹس آف پاکستان
چیف جسٹس آف پاکستان ثاقب نثار کا کہنا ہے کہ کوئی بھی جج قانونی تقاضے
پورے کیے بغیرفیصلہ نہیں سناتا اور انصاف کی فراہمی میں عجلت انصاف کودفن
کرنے کے مترادف ہے۔
لاہور میں خواتین ججز سے متعلق تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس نے کہاکہ
ہم ملک میں قانون کی حکمرانی چاہتے ہیں اور جج کے لئے بھی ضروری ہے کہ وہ
قانون سے آگاہ ہوں اور کسی جج کو غلط طریقے چلا کر فیصلہ دینے کا اختیار
نہیں ہے۔
جسٹس ثاقب نثار نے کہا کہ کوئی بھی جج قانونی تقاضے پورے کیے بغیر فیصلہ
نہیں سناتا، ججز فیصلہ کرتے وقت قانون کو مدنظر رکھنے کے پابند ہیں ، بطور
جج ہم ہر شہری کو فوری اور معیاری انصاف فراہم کرنے کے پابند ہیں، ہمارا ہر
قدم قانون کی حکمرانی کے لیے ہونا چاہیے اور انصاف کا معیار قانون کے
مطابق رکھنا ہوگا۔
چیف جسٹس ثاقب نثار نے کہا کہ ہم ملک میں قانون کی حکمرانی چاہتے ہیں، ماڈل
عدالتوں کا قیام بہت اچھا آئیڈیا ہے،ماڈل عدالتوں کے ساتھ دوسری عدالتیں
بھی کردارادا کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ آئین جنسی امتیازکے بغیرہرشہری
کومساوی حقوق کی ضمانت دیتاہے، عدلیہ میں صنفی امتیاز کاخاتمہ اچھا اقدام
ہے، ایسا سسٹم بنانا ہوگا جہاں خاتون آسانی سے مسئلہ بتا سکے جب کہ بطورجج
ہم ہرشہری کو فوری اور معیاری انصاف فراہم کرنے کے پابند ہیں۔