اسلام آباد ، اسحاق ڈار کے خلاف اثاثہ جات ریفرنس کی سماعت
وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے خلاف اثاثہ جات ریفرنس کی سماعت احتساب عدالت میں جاری ہے۔
احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نیب کی جانب سے دائر آمدن سے زائد اثاثے بنانے کے ریفرنس کی سماعت کررہے ہیں۔
سماعت شروع ہوئی تو اسحاق ڈار کے وکیل خواجہ حارث نے اپنے موکل کی حاضری سے
استثنیٰ کی درخواست کی اور عدالت کو بتایا کہ اسحاق ڈار کو آج کابینہ
ڈویژن کی اہم میٹنگ میں جانا ہے۔
اس موقع پر نیب کے پراسیکیوٹر عمران شفیق نے استثنیٰ کی درخواست کی مخالفت
کرتے ہوئے کہا کہ ملزم کے لئے عدالت کی حاضری سے زیادہ کوئی ڈیوٹی اہم نہیں
اور قانون میں کوئی گنجائش نہیں کہ مصروفیت کے باعث استثنیٰ دیا جائے۔
نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ ملزم صرف بیماری کے باعث حاضری سے استثنیٰ مانگ
سکتا ہے،کوئی اسائمنٹ یا میٹنگ پیشی میں آڑے آرہی ہے تو ملزم کو وہ اسائمنٹ
چھوڑ دینا چاہیے۔
اسحاق ڈار کے وکیل نے موقف اپنایا کہ ہمیشہ کے لئے نہیں صرف آج آدھے دن
کے لئے حاضری سے استنثیٰ مانگ رہے ہیں جس پر عدالت نے استثنیٰ کے معاملے کو
علیحدہ رکھتے ہوئے کارروائی شروع کردی۔
سماعت کے دوران نیب کے گواہ طارق جاوید نے ای میل کا ریکارڈ پیش کردیا جسے
عدالت نے گزشتہ سماعت پر مانگا تھا جب کہ تین صفحات پر مشتمل ای میل کو
ریکارڈ کا حصہ بنا دیا گیا ہے۔