ننکانہ صاحب،وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی کرم ایجنسی میں شہید ہونے والے کیپٹن حسنین نواز کی رہائش گاہ آمد
وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کرم ایجنسی میں شہید ہونے والے کیپٹن حسنین نواز کی رہائش گاہ پہنچ گئے۔
ترجمان وزیر اعلیٰ ہاؤس کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب کرم ایجنسی میں شہید ہونے
والے کیپٹن حسنین نواز کے گھر گئے اور ان کے اہل خانہ سے ملاقات کی۔اس
موقع پر وزیراعلیٰ نے وطن عزیز پر اپنی قیمتی جان نچھاور کرنے والے شہید
کیپٹن حسنین نواز کی بہادری کو خراج عقیدت پیش کیا اور شہید کے درجات کی
بلندی کے لئے دعا کی۔
وزیراعلیٰ نے شہید کیپٹن کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور اظہار تعزیت بھی
کی۔ انہوں نے پوسٹ گریجویٹ کالج ننکانہ صاحب اور ریلوے روڈ ننکانہ صاحب کو
کیپٹن حسنین نواز شہید کے نام سے منسوب کرنے کا اعلان کیا۔
وزیراعلیٰ نے کیپٹن حسنین نواز شہید کے ایک بھائی کو ملازمت دینے کا اعلان
کیا اور کہا کہ دوسرے بھائی کی تعلیم کے تمام اخراجات حکومت پنجاب برداشت
کرے گی۔