Oct 18, 2017 04:38 pm
views : 594
Location : Governor House
Karachi- Governor Sindh Muhammad Zubair meets Chairman PNSC Arif Elahi
کراچی ، پاکستان نیشنل شپنگ کا رپوریشن کے چیئر مین عارف الٰہی کی گورنر سندھ سے ملاقات
کراچی میں چیئر مین پاکستان نیشنل شپنگ کا رپوریشن عارف الٰہی نے گورنر سندھ محمد زبیر سے گورنر ہاؤس میں ملاقات کی ۔
ترجمان گورنر ہاؤس کے مطابق ملاقات میں تجارتی سرگرمیوں میں اضافہ، شپنگ کے
مسائل اور حائل رکاوٹوں سمیت اہمیت کے حامل دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ
خیال کیا گیا۔ چیئر مین عارف الٰہی نے گورنر سندھ کو پی این ایس سی سے
متعلق تفصیل سے آگاہ بھی کیا۔
گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ پاکستان میں قدرتی بندگاہ کے باعث
تجارتی سرگرمیوں میں اضافہ ہورہا ہے اور اس کے تسلسل کے لئے کارگو سروسز
کمپنیاں اہم خدمات انجام دے رہی ہیں جن میں پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن
سرفہرست ہے، وفاقی وزارت پورٹ اینڈ شپنگ کے ماتحت کام کرنے والی کمپنی دنیا
کی بہترین کمپنیوں میں شامل ہے جو اطمینان بخش طریقہ سے خدمات سرانجام دے
رہی ہے۔
گورنر سندھ نے کہا کہ امن و امان کے قیام کے بعد سرمایہ کاری اور تجارتی
سرگرمیوں میں اضافہ، نئی صنعتوں کے قیام، نجی سیکٹر کے فعال کردار سے سامان
کی نقل وحمل میں اضافہ کے باعث شپنگ کمپنیوں کی اہمیت بہت بڑھ چکی ہے جبکہ
سی پیک منصوبہ کی تکمیل سے مزید اضافہ یقینی ہے اس ضمن میں حائل رکاوٹوں
اور درپیش مشکلات کو فوری ختم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ درآمدات و برآمدات میں اضافہ شپنگ کی کارکردگی پر منحصر
ہے، بروقت سامان کی ترسیل سے مطلوبہ نتائج کا حصول یقینی ہے اس ضمن میں
ٹرانسپورٹ کے نظام کو مزید فعال کرنا ہوگا،گودام اور سامان رکھنے کے لئے
مخصوص جگہ کا تعین اہم ثابت ہو سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کسی بھی ملک کی خوشحالی میں سرمایہ کاری، تجارتی سرگرمیاں
اور بر وقت سامان کی نقل وحمل انتہائی اہمیت کی حامل ہوتی ہے اسی لئے صوبہ
با الخصوص کراچی میں بندرگاہوں اور صنعتی علاقوں میں انفرااسٹرکچر کی بحالی
و ترقی کو خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔