اسلام آباد ، انصاف کا تماشہ نہ بنائیں، کوئی ملی بھگت ہے تو سزا سنادیں، مریم نواز
اسلام آباد کی احتساب عدالت نے نیب کی جانب سے دائر لندن فلیٹس ریفرنس پر
نوازشریف، مریم نواز اور ان کے شوہر محمد صفدر پر فرد جرم عائد کردی ہے۔
عدالتی کارروائی کے بعد باہر آکر میڈیا سے گفتگو میں پاکستان مسلم لیگ
(ن) کی رہنما مریم نواز نے کہا کہ انتقام سر چڑھ کر بول رہا ہے لیکن ٹرائل
کا سامنا کروں گی۔
انہوں نے کہا کہ ایک فیملی کے ٹرائل اور انصاف کا تماشہ نہ بنایا جائے، اگر
کوئی ملی بھگت ہے تو سزا سنادیں، ہم آئین، قانون اور عدالتوں کے احترام
میں یہاں آئے ہیں۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ وہ بڑے بڑے ڈبوں والے ثبوت کہاں چلے گئے، یہ اپنی
نوعیت کا پہلا کیس ہے جس میں فیصلہ پہلے ہوگیا اور مقدمہ بعد میں چل رہا
ہے، ہم کھلے دل، صبر اور حوصلے کے ساتھ ٹرائل کا سامنا کررہے ہیں لیکن جن
لوگوں نے احتساب کو انتقام بنایا تو ایک دن احتساب کا بھی احتساب ہوگا۔
پارٹی میں پالیسی اب بھی نوازشریف کی چل رہی ہے، پارٹی متحد ہے اور پارٹی
کو توڑنے والے خود ٹوٹ رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ خاندان میں کوئی اختلاف نہیں البتہ اختلاف رائے ضرور
ہوسکتا ہے، جو لوگ سمجھتے ہیں کہ نوازشریف کو سیاسی میدان میں شکت نہیں دے
سکتے تو وہ کبھی امپائر کی انگلی کے پیچھے چھپتے ہیں اور کبھی خاندانی
اختلاف کے، لیکن وہ ناکام ہی رہیں گے۔