کراچی،سماجی رہنما فیصل ایدھی کی ذرائع ابلاغ عامہ کے نمائندوں سے گفتگو
ایدھی فاؤنڈیشن کی جانب سے ہندوؤں کے تہوار دیوالی کے موقع پر ملیر جیل میں
قید بھارتی ماہی گیروں میں مٹھائیاں اور تحائف تقسیم کئے گئے،فیصل ایدھی
اور بلقیس ایدھی کی جانب سے چار سو پچاس بھارتی ماہی گیروں میں تحائف تقسیم
کئے گئے۔
اس موقع پر معروف سماجی رہنما فیصل ایدھی نے یہ پیغام دیا ہے پاکستان اور
بھارت میں ماہی گیروں کوقید کرنا مناسب نہیں ہے، دونوں ممالک کی جانب سے
ایسا میکنزم تیار کیا جائے جس میں ماہی گیروں کو چند ماہ سے زیادہ قید میں
نہ رکھا جائے۔
اس موقع پر ذرائع ابلاغ عامہ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل ایدھی نے
کہا کہ جیل میں ہندوستانی ماہی گیر قیدہیں جن میں ہندو اور مسلمان دونوں
شامل ہیں،ہندوؤں کے تہوار دیوالی کے موقع پر ان قیدیوں کے لئے فروٹ اور کیک
لے کر آئے ہیں تاکہ انکی خوشیوں میں شریک ہو سکیں۔
سماجی رہنما نے کہاکہ ماہی گیر محنت کش ہیں، انہیں قید میں رکھنا کسی صورت
مناسب نہیں ہے ،انکی قید کی وجہ سے انکے گھروں میں فاقے ہوتے ہیں اور ایسی
صورتحا ل میں انسان جرائم کی طرف راغب ہوجا تا ہے۔
فیصل ایدھی نے کہا کہ ہم پر امید ہیں کہ پاکستان اور بھارت کی جانب سے ایسا
میکنزم تیار کیا جائے جس میں ماہی گیروں کو چند ماہ سے زیادہ قید میں نہ
رکھا جائے۔