لاہور ، وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے نئے تعینات ہونے والے کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض کی ملاقات
لاہور میں وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے نئے تعینات ہونے والے کور
کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض نے ملاقات کی۔ملاقات میں وزیراعلیٰ
پنجاب محمد شہباز شر یف نے کور کمانڈر لاہور کی ذمہ داریاں سنبھالنے پر
لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
ترجمان وزیر اعلیٰ ہاؤس کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا
قوم کو اپنی بہادر مسلح افواج پر فخر ہے۔ سیاسی و عسکری قیادت کے متفقہ
فیصلوں کے باعث دہشت گردی کے خلاف جنگ میں شاندار کامیابیاں ملی ہیں۔ دہشت
گردی کے خلاف جنگ میں سیاسی و عسکری قیادت سمیت پوری قوم ایک صفحے پر ہے۔
محمد شہبازشریف نے کہادہشت گردی کے خلاف جنگ پاکستان کی بقا کی جنگ ہے۔ اس
جنگ میں پاکستان کی مسلح افواج، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے دیگر
اداروں سمیت معاشرے کے ہر طبقے نے بیش قیمت قربانیاں دی ہیں۔اس جنگ میں
اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پاکستان کے بہادر سپوت قوم کے
ہیرو ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا شہداء کی لازوال قربانیوں کا ثمر امن کی صورت میں
ملا ہے۔ قوم شہداء کی عظیم قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے۔ پاکستان کے محب
وطن اور دلیر عوام کا عزم انتہائی مضبوط ہے۔سفاک قاتل بہادر پاکستانیوں کے
غیر متزلزل عزم کے سامنے نہیں ٹھہر سکتا۔
وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے مزید کہا دہشت گردوں اور ان کی پشت
پناہی کرنے والوں کے مذموم عزائم کو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیا جائے
گا۔