ڈیرہ اسماعیل خان،محکمہ تحفظ جنگلات ڈیرہ اسماعیل خان کی کارروائی ، 54کونجیں برآمد
محکمہ تحفظ جنگلات ڈیرہ اسماعیل خان نے کارروائی کرتے ہوئے بنوں روڈ پر
54کونجیں برآمد کر لیں جنہیں ایک بس کے ذریعے کراچی سے غیر قانونی طور پر
بنوں منتقل کیا جا رہا تھا،کونجوں کوغیر قانونی طور پر منتقل کرنے والے شخص
کے خلاف وائلڈ لائف ایکٹ کے تحت مقدمے کا اندراج کرتے ہوئے بھاری جرمانے
کا چالان جاری کر دیا گیا ہے۔
اس سلسلے میں ذرائع ابلاغ عامہ کے نمائندے سے گفتگو کرتے ہوئے ڈویژنل
فاریسٹ آفیسر وائلڈ لائف سجیل خان بلوچ نے کہا کہ محکمہ وائلڈ لائف نے
گزشتہ رات نصف شب کے قریب چنڈہ چیک پوسٹ پرکارروائی کی ،کونج کی کم ہوتی
نسل کی وجہ سے اس کے شکار پر مکمل پابندی عائد ہے جبکہ اس نایاب ہوتے پرندے
کو بغیر لائسنس اپنے پاس رکھنا بھی جرم ہے۔
ڈویژنل فاریسٹ آفیسر نے کہا مذکورہ کاروائی میں برآمد ہونے والی 54کونجوں
میں سے 8مردہ پائی گئیں جبکہ باقی ماندہ46کونجوں کو ضبط کرتے ہوئے سرکاری
وائلڈ پارک بھیج دیا گیا ہے جبکہ ان کونجوں کو منتقل کرنے والے شخص کے خلاف
وائلڈ لائف ایکٹ کے تحت مقدمے کا اندراج کرتے ہوئے بھاری جرمانے کا چالان
جاری کر دیا گیا ہے،کونجوں کو بس کے ذریعے کراچی سے بنوں منتقل کیا جا رہا
تھا۔