Oct 21, 2017 06:09 pm
views : 617
Location : Turkey, Istanbul
Istanbul- PM Shahid Khaqan Abbasi chairs woos Turkish entrepreneurs meeting
استنبول ،وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی ترکی کے فارن اکنامک ریلیشن بورڈ کے اجلاس میں گفتگو
وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے ترک سرمایہ کاروں اور بڑی کمپنیوں کو پانی
اور کوئلے سے بجلی پیدا کرنے، کان کنی ، بینکنگ اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی
سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دی ہے ۔
استنبول میں ترکی کے فارن اکنامک ریلیشنز بورڈ کے اجلاس میں وزیراعظم نے
کہا کہ ترک سرمایہ کار اور کمپنیاں پاکستان میں فوڈ پراسینگ کی صنعت ، دودھ
اور پھلوں کے شعبوں میں بھی سرمایہ کاری کے مواقعوں سے فائدہ اٹھا سکتی
ہیں ۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کے راستے تیل کے ذخائر سے مالا مال خلیجی ملک
اور وسط ایشیائی ریاستوں تک برآمدات کے بے پناہ مواقع موجود ہیں ۔ پاکستان
ترک کمپنیوں کی تمام شعبوں میں سرمایہ کاری کاخیر مقدم کرے گا۔ شاہد خاقان
عباسی نے کہا کہ ٹیکسٹائل کے شعبے میں بھی مشترکہ منصوبوں کی گنجائش ہے ۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان بیس کروڑ سے زیادہ آبادی پر مشتمل پانچ فیصد سے
زائد شرح ترقی کاحامل ملک ہے جس میں ہنرمند اور نیم ہنر مند نوجوان افرادی
قوت کی بہتات ہے ۔پاکستان جنوبی ایشیا ، وسط ایشیا ، مشرق وسطی اور مشرقی
ایشیا تک رسائی کا بہترین مواقع فراہم کرتا ہے ۔
شاہد خاقان عباسی نے بتایا کہ دو ہزار تیرہ میں جب مسلم لیگ ن نے حکومت
سنبھالی تو مالیاتی خسارے ، بڑھتے گردشی قرضوں ، ادائیگیوں کے توازن کی
ابتر صورتحال اور سرمایہ کاروں کے عدم اعتماد جیسے بڑے چیلنجز کا سامنا تھا
۔ دو ہزار تیرہ ، چودہ سے ٹھوس اقدامات کی بدولت ملکی معیشت میں مسلسل
بہتری آئی ہے اور مجموعی قومی ترقی کی شرح گزشتہ دس سال کی بلند ترین سطح
پانچ اعشاریہ دو آٹھ فیصد تک آ پہنچی ہے ۔
وزیراعظم نے کہا کہ ٹیکس محاصل کی شرح میں آٹھ اعشاریہ سات فیصد اضافہ
ہواہے ۔ سرکاری شعبے کے ترقیاتی امور پر دو ہزار تیرہ میں تین سو چوراسی
اعشاریہ تین ارب روپے خرچ ہوتے تھے جو رواں سال آٹھ سو ارب روپے سے تجاوز
کر چکے ہیں ۔ پاکستان کی اسٹاک مارکیٹ ایشیا کی سب سے بڑی اور دنیا بھر میں
تیزی سے ترقی کرنے والی پانچویں بڑی مارکیٹ بن چکی ہے ۔
وزیراعظم نے ترک سرمایہ کاروں اور کمپنیوں کو یقین دلایا کہ پاکستان انکی
ہر ممکن معاونت یقینی بنائے گا ۔ ترک کمپنیوں نے پاکستان کے سرمایہ کار
دوست ماحول سے فائدہ اٹھانے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا ۔