کراچی ،خواجہ اظہارالحسن پر حملے میں ملوث دہشت گرد مارے گئے، کرنل فیصل ا عوان
سندھ رینجرز کے کرنل فیصل اعوان کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم رہنما خواجہ
اظہار پر حملے میں ملوث دہشت گرد عبداللہ ہاشمی سمیت 8 ملزمان گزشتہ روز
کارروائی کے دوران مارے گئے۔
کراچی میں سندھ رینجرز ہیڈ کواٹررمیں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کرنل فیصل کا
کہنا تھا کہ گزشتہ رات مشتبہ افراد کی موجودگی پر بلدیہ ٹاؤن رئیس گوٹھ
میں آپریشن کیا گیا جس میں 8 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔
کرنل فیصل اعوان کے مطابق انصار الشریعہ کا گروہ 12 سے 13 انتہائی پڑے
لکھے افراد پر مشتمل ہے جس کا ماسٹر مائنڈ عبداللہ ہاشمی گزشتہ رات کے
آپریشن میں مارا گیا ہے جو خواجہ اظہار پر حملے میں بھی ملوث تھا۔
رینجرز کے افسر نے کہا کہ 2017 میں پولیس اہلکار کا قتل انصار الشریعہ کی
پہلی کارروائی تھی، اہلکار کے قتل کے بعد انصار الشریعہ نے القاعدہ سے
منسلک ہونے کا اعلان کیا جب کہ تنظیم نے 21 مئی 2017 کو دوسری کارروائی کی۔
کرنل فیصل نے کہا کہ ہلاک دہشت گرد شہریار الدین وارثی نے افغانستان میں
تربیت حاصل کی جب کہ ارسلان بیگ القاعدہ سے تربیت یافتہ تھا جو تنظیم کے
لئے فنڈز بھی اکھٹے کرتا تھا۔انصارالشریعہ کے ان 8 دہشت گردوں کی ہلاکت کے
بعد اس گروہ کی کارروائیوں کی صلاحیت ختم ہوگئی، چند دہشت گرد دانش، جنید ،
سروش اور مزمل مفرور ہیں جنہیں جلد قانون کی گرفت میں لے آئیں گے۔
سندھ رینجرز کے کرنل فیصل اعوان نے مزید کہا کہ انصارالشریعہ سے منسلک
دہشتگرد نظریاتی طور پر القاعدہ سے منسلک تھے اور افغانستان سے تربیت یافتہ
تھے۔