فیصل آباد،وزیر قانون پنجاب رانا ثنا اللہ کا ڈولفن فورس کی لانچنگ تقریب سے خطاب
فیصل آباد میں ڈولفن فورس لانچ کر دی گئی ہے 210جوانوں اور 160ہیوی بائکس
پر مشتمل خصوصی دستہ جدید ترین ہتھیاروں اور بین الاقوامی معیار کی کرائم
فائٹنگ تربیت سے آراستہ ہے ،صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ خان نے
پولیس لائن میں منعقدہ تقریب میں ڈولفن فورس کی لانچنگ کا افتتاح کیا جس
میں ریجنل پولیس آفیسر فیصل آباد بلال صدیق کمیانہ ، سٹی پولیس آفیسر
اطہر اسماعیل ، ڈولفن فورس کے افسران اور پولیس کے دیگر حکام بھی موجود
تھے۔
اس موقع پر پولیس لائن میں منعقدہ لانچنگ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی
وزیر قانون رانا ثنا ء اللہ خان نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز
شریف کے محفوظ پنجاب ویژن کے مطابق پولیس کو جدید خطوط پر استوار کرتے ہوئے
روائتی پولیس کلچر میں تبدیلی کے ساتھ ساتھ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ ،
خوشگوار ماحول کی فراہمی ، جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی ، کسی بھی واردات
کی صورت میں فوری جائے وقوعہ پر پہنچ کر ملزمان کی گرفتاری یقینی بنانے
کیلئے تمام ممکن وسائل بروئے کار لا تے ہوئے انقلابی اقدامات کئے جا رہے
ہیں۔
رانا ثنا اللہ نے کراچی میں خواتین پر حملوں کے حوالے سے کہا کہ آئے یا تو
کوئی چھرا مار آجاتا ہے یا پھر اسی طرح کی دیگر خرافات کا شہریوں کا سامنا
رہتا ہے،وزیر قانون نے کہا جب ڈولفن فورس سڑکوں پر نکلے تو شہریوں یں احساس
تحفظ پیدا ہو، ایسا پہلی بار ہوا ہے کہ شکایات درج کروانے اور حصول انصاف
کیلئے تھانوں میں آنے والے سائلین کو بھر پور عزت و احترام سے نوازا جا
رہا ہے۔انہوںنے کہا کہ تمام پولیس افسران پر سختی سے واضح کر دیا گیا ہے کہ
تھانوں میں آنے والے متاثرین کی داد رسی میں کسی قسم کی کوتاہی یا
لاپرواہی و عدم توجہی برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوںنے کہا کہ پولیس کلچر کو
بتدریج تبدیل کیا جا رہا ہے اور اس اقدام کو بھی یقینی بنانے کی کوشش کی
جا رہی ہے کہ فیصل آباد سمیت صوبہ بھر کے تمام شہر لاء اینڈ آرڈر کی
صورتحال کے ضمن میں کرائم فری ثابت ہوں کیونکہ ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاری
، صنعتی ، کاروباری ، تجارتی سرگرمیوں کا فروغ اور معاشی و اقتصادی ترقی
اسی صورت ممکن ہے جب امن و امان کی صورتحال کنٹرول میں اور شہری مکمل تحفظ
کا احساس رکھتے ہوں۔