کراچی،میگا کرپشن کیس؛شرجیل میمن و دیگر کو 4 نومبر تک جیل بھیج دیا گیا
احتساب عدالت نے کرپشن کیس میں پیپلز پارٹی کے رکن صوبائی اسمبلی شرجیل
میمن اور دیگر کو 4 نومبر تک عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔شرجیل میمن کو
بکتربند میں سخت سیکورٹی انتظامات میں نیب کے دفتر سے احتساب عدالت لایا
گیا۔
عدالت لانے سے قبل نیب دفتر میں شرجیل میمن کا میڈیکل بھی کیا گیا، جس میں
انہیں مکمل فٹ قرار دیا گیا۔آصف زرداری کے قریبی ساتھی اور پیپلز پارٹی کے
رہنما شرجیل میمن کو کرپشن کیس میں کل سندھ ہائی کورٹ کے باہر سے
گرفتارکیا گیا تھا۔پانچ ارب 77کروڑ روپے کی کرپشن کے الزام میں سندھ کے
سابق وزیر اطلاعات کی ضمانت منسوخ کردی گئی تھی۔
گرفتاری سے بچنے کے لیے شرجیل میمن 6 گھنٹے تک عدالت کے احاطے میں موجود
رہےاور اس دوران وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے بھی ٹیلی فون پر رابطہ
ہوتا رہا۔
گزشتہ روز محکمہ اطلاعات سندھ میں 5 ارب 77 کروڑ روپے کی کرپشن کے کیس کی
سماعت ہائیکورٹ میں ہوئی، عدالت نے شرجیل میمن سمیت 14 ملزمان کی درخواست
ضمانت مسترد کرتے ہوئے گرفتاری کا حکم دیا تھا۔ضمانت منسوخ ہونے پر شرجیل
میمن اور سابق سیکریٹری اطلاعات سندھ ذوالفقار علی شلوانی سمیت 12 ملزمان
کو گرفتار کیا گیا ہے۔