Oct 24, 2017 08:10 pm
views : 488
Location : Haq Nawaz Park
Dera Ismail Khan- NTS Teachers Protest
ڈیرہ اسماعیل خان،این ٹی ایس پاس اساتذہ کا مستقل نہ کئے جانے کے خلاف احتجاج
خیبر پختونخواکی حکومت اپنے گنتی کے قابل قدر کاموں کو اپنے ہاتھوں سے
برباد کرنے پر آمادہ نظر آتی ہے،اسپیکر صوبائی اسمبلی اسد قیصر اور صوبائی
وزیر تعلیم عاطف خان کی جانب سے ایڈہاک کی بنیاد پر بھرتی کردہ این ٹی ایس
اساتذہ کو مستقبل کرنے کی یقین دہانی کروائی گئی تھی لیکن گزشتہ ماہ یعنی
ستمبر میں مستقل کئے جانے کے اس وعدے کے پورا نہ ہونے پر این ٹی ایس اساتذہ
میں بے چینی کی لہر دوڑ گئی ہے۔
معاشی مستقبل کی فکرات میں گھرے ان این ٹی ایس ٹیچرز کی جانب سے آج ایک اہم
مشاورتی اجلاس حق نواز پارک ڈیرہ اسماعیل خان میں منعقد کیا گیا جس میں
سینکڑوں این ٹی ایس اساتذہ اور انکے سرکردہ رہنماؤں نے شرکت کی، این ٹی ایس
اساتذہ کا مشاوری اجلاس، جو کتبوں، بینروں اور نعروں کے باعث پہلے ہی سے
احتجاجی دھرنے کی شکل اختیار کر چکا تھا کے دوران فیصلہ کیا گیا کہ اگر
صوبہ بھر کے چالیس ہزار کے لگ بھگ این ٹی ایس اساتذہ کو رواں ماہ کی
28تاریخ تک مستقل نہ کیا گیا تو یہ تمام صوبہ بھر کے این ٹی ایس بنی گالہ
میں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی رہائش گاہ کے سامنے
احتجاجی دھرنا دیں گے جو کہ اس وقت جاری رہے گا کہ جب تک صوبائی حکومت ان
تمام اساتذہ کی ملازمت کو مستقل کرنے کے احکامات جاری نہیں کر دیتی۔
واضح رہے کہ 2014میں ہونے والے این ٹی ایس کے ذریعے صوبہ بھر میں دسیوں
ہزار اساتذہ کرام ایک سال کے کنٹریکٹ کی بنیاد پربھرتی کئے گئے تھے جن کی
مد میں کہا گیا تھا کہ سال بہ سال ان اساتذہ کرام کی کارکردگی کو مد نظر
رکھتے ہوئے ان کے کنٹریکٹ کو جاری رکھنے اور یا پھر انہیں مستقل بنیادوں پر
کام جاری رکھنے کی غرض سے مستقل ملازمت کے احکامات جاری کئے جائیں گے۔
اس موقع پر مظاہرے میں شریک ایک شخص نے کہا کہ اگر ہمیں مستقل نہ کیا گیا
تو عمران خان کی رہائشگاہ کے باہر دھرنا دیں گے اور مستقل ہونے کے
نوٹیفیکیشن کے حصول تک دھرنا جاری رہے گا۔