لاہور،دنیا بھر کے ترقی یافتہ ممالک ضروریات اور وسائل میں توازن کے لیے
خاندانی منصوبہ بندی کی حکمت عملی اختیار کر رہے ہیں ،عائشہ غوث پاشا
صوبائی وزیر خزانہ پنجاب عائشہ غوث پاشا کا کہنا ہے کہ دنیا بھر کے ترقی
یافتہ ممالک ضروریات اور وسائل میں توازن کے لیے خاندانی منصوبہ بندی کی
حکمت عملی اختیار کر رہے ہیں ،حالیہ مردم شماری کے مطابق پاکستان آبادی کے
اعتبار سے دنیا کا پانچواں بڑا ملک اور پنجاب پاکستان کا سب سے بڑا صوبہ
ہے۔
پاپولیشن کونسل اور یو کے ایڈ کے تعاون سے سروس ڈلیوری میں بہتری اور
پرائیویٹ پارٹنر شپ کے ذریعے تولیدی صحت کی سہولیات تک رسائی کے حوالے سے
سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے عائشہ غوث پاشانے کہا کہ آبادی کے ہر فرد کو
بنیادی ضروریات کی فراہمی کے لیے ضروری ہے کہ خواتین مردوں کے شانہ بشانہ
کام کریں اور ملکی معیشت کے استحکام میں اپنا کردار ادا کریں، خواتین کی
زندگی کے تمام شعبوں میں شمولیت اورصحت مند معاشرے کی تشکیل کے لیے ضروری
ہے خاندانی منصوبہ بندی کے اُصولوں کو مد نظر رکھا جائے۔
سیمینار میں ڈیفڈ کے ہیلتھ ایڈوائزر اینتھونی ڈیلے ,کنٹری ڈائریکٹر
پاپولیشن کونسل ڈاکٹر زیبا ستار،ڈاکٹر شبانہ، عنبرین رضا، جواد قریشی ،
نعیم مجید اور بادشاہی مسجد کے امام مولانا عبدالکبیر آزاد موجود تھے۔