پشاور،حلقہ این اے 4 میں ضمنی انتخاب کے لئے تیاریاں مکمل
قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 4 میں ضمنی انتخاب کے لئے تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔
این اے 4 کے ضمنی الیکشن میں پولنگ کل صبح 8 بجے شروع ہو گی، پاک فوج کی
نگرانی میں پولنگ اسٹیشنز تک بیلٹ پیپرز، بکسز اور پولنگ کا دیگر سامان
پہنچایا جارہا ہے، این اے فور کی انتخابی مہم رات 12 تک ختم ہو گئی ہے۔
الیکشن میں تین لاکھ 98 ہزار چار افراد ووٹ کا حق استعمال کریں گے اور
پولنگ صبح 8 سے 5 بجے تک جاری رہے گی۔ این اے 4 میں تحریک انصاف، مسلم لیگ
(ن)، اے این پی ، جماعت اسلامی، پیپلز پارٹی سمیت تقریبا ایک درجن امیدوار
میدان میں ہیں۔
صوبائی الیکشن کمشنر پیر مقبول احمد نے کہا ہے کہ الیکشن کے لئے تمام
انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے اور کل 17 سو فوجی جوان تعینات ہوں گے
جب کہ سات ہزار پولیس اہلکار بھی فرائض انجام دیں گے۔
صوبائی الیکشن کمشنر نے بتایا کہ نتائج کے لئے پہلی بار الیکٹرانک مشین کا
استعال کیا جارہا ہے، 100 پولنگ اسٹیشنز پر مشینیں نصب کی جائیں گی۔
الیکشن کی وجہ سے تمام پولنگ اسٹیشنز کی حدود میں موبائل فون کے استعمال پر
پابندی عائد کردی گئی ہے اور ڈپٹی کمشنر پشاور نے موبائل فون پابندی کے
حوالے سے اعلامیہ بھی جاری کر دیا ہے۔