کراچی،پانامہ سے فارغ ہوگئے ،اب سندھ پر توجہ دیں گے ،عمران خان
چیئرمین پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کا کہنا ہےکرپشن نے سب سے
زیادہ تباہی سندھ میں مچائی ہےاور ملک میں سب سے تباہ حال صوبہ سندھ ہے
کیونکہ یہاں پر ترقیاتی کاموں میں کرپشن کی جاتی ہے اور کوئی بھی منصوبہ
مکمل نہیں ہوتا، کرپشن میں پیسا چوری ہو کر بیرون ملک جا رہا ہے اور نئے
چیرمین نیب دبئی میں پاکستانیوں کی 8 ارب ڈالر کی جائیداد کی تحقیقات کریں،
تفتیش سے پتا چلے گا کون لوگ یہاں سے پیسا باہر لے کر جا رہے ہیں۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا پاناما سے فارغ ہو گئے
ہیں اب سندھ پر بھرپور توجہ دیں گے اور اگلا جلسہ 5 نومبر کو اوباڑو میں ہو
گا، سندھ میں لوکل گورنمنٹ سسٹم میں اختیارات ہی نہیں اور ہم ڈسٹرکٹ ناظم
اور میئر کا براہ راست الیکشن کرائیں گے کیونکہ بلدیاتی نظام ٹھیک ہونے تک
عوامی مسائل حل نہیں ہوں گے۔
عمران خان نے کہا کہ کراچی یونیورسٹی جا رہا ہوں نوجوانوں کو تیار کرنے کے
لئے ،اب پوری توجہ کراچی اور حیدرآباد سمیت اندرون سندھ دیگر شہروں پر
ہوگی، کراچی میں ہر سطح پر میٹنگ ہوئی ہے، سیاستدانوں اور اقلیتوں سے بھی
ملاقاتیں ہوئی ہیں۔
چیئرمین پی ٹی آئی نےمزید کہا کہ اب تک مافیا کے گاڈ فادر نوازشریف سے
مقابلہ ہورہا تھا جس پر پوری طاقت لگائی تھی، نوازشریف اکیلے نہیں ان کا
پورا مافیا ہے، ہر ادارے میں ان کے لوگ بیٹھے ہیں، صرف فوج اور عدلیہ ان سے
بچے ہوئے ہیں جن پر یہ سازش کا کہتے ہیں، ہماری جنگ نوازشریف سے نہیں بلکہ
ان کے اداروں پر کنٹرول کے خلاف تھی، نوازشریف پنجاب میں مافیا کے سردار
ہیں اس طرح آصف زرداری سندھ میں ہیں، یہاں بھرتیاں، پوسٹنگ ٹرانسفر اور
فنڈز ان کی منظوری کے بغیر نہیں ہوتے، کوئی ادارہ ایسا نہیں جس پر ان کا
کنٹرول نہ ہو، یہ لوگ پولیس سے جھوٹے مقدمات بنواتے ہیں۔