وہاڑی ،محکمہ زراعت کے ملازمین کا صوبائی وزیر زراعت نعیم خان بھابھہ کے خلاف احتجاج
محکمہ زراعت توسیع کے ڈویژن بھر کے فیلڈ اسسٹنٹ کی جانب سے صوبائی وزیر
زراعت نعیم خان بھابھہ اور پی اے شفیق بھٹی کے مبینہ ناروارویے ،غلیظ
گالیاں دینے اور سنگین نتائج کی دھمکیاں دینے کے خلاف مکمل ہڑتال کی گئی،
بازوؤں پر سیاہ پٹیاں باندھ کر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا اور ریلی نکالی
گئی،مظاہرین نے صوبائی وزیر اور انکے پی اے کو ہٹانے کا مطالبہ کیا ہے۔
احتجاجی ریلی محکمہ زراعت کے آفس سے شروع ہوئی ،مظاہرین نے ملتان روڈ بلاک
کرکے صوبائی وزیر اور اسکے پی اے کی معطلی کے نعرے لگائے ،ریلی کی قیادت
ڈویژنل سرپرست اعلیٰ اشفاق حسین ہاشمی ،صوبائی رہنما رفیق شاہین نے کی۔
مقررین نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب میاں
شہبازشریف کے ویژن کے مطابق کسانوں اور چھوٹے کاشتکاروں اور زمینداروں کو
میرٹ پر بیماریوں سے پاک بیج فراہم کررہے ہیں مگر اس صوبہ کے نا اہل وزیر
نعیم خان بھابھہ اور اسکے پی اے اس پروگرام کو ناکام بنانے پر تلے ہوئے ہیں
لہذا ہمارا مطالبہ ہے کہ جب تک صوبائی وزیر اور اسکے پی اے کو معطل نہیں
کیا جاتا اور صوبائی وزیر سے وزات واپس نہیں لی جاتی احتجاج جاری رہے گا ۔
متاثرہ فیلڈ اسسٹنٹ رانا امتیاز حسین نے میڈیا کو بتایا کہ گزشتہ دنوں
174ڈبلیو بی میں وزیر اعلیٰ پنجاب کی طرف سے بیماریوں سے پاک گندم کے بیج
کی فراہمی امام مسجد کمیٹی ممبران کے ہمراہ مسجد میں قرعہ اندازی کررہے تھے
کہ صوبائی وزیر نعیم خان بھابھہ کا پی اے شفیق بھٹی نے آکر بدتمیزی کرنا
شروع کردی اور غلیظ گالیاں دیں اور کہا کہ ہمارے حلقہ میں ہماری اجازت کے
بغیر کیوں کام کررہے ہو کیونکہ ہم نے اپنی مرضی اور اپنے ووٹرز کو نوازنا
ہوتا ہے جس پر جواب دیا کہ ہم میرٹ پر مسجد میں بیٹھ کر قرعہ اندازی کررہے
ہیں جس پر انہوں نے مزید بدتمیزی کی اور نوکری سے نکالنے کی دھمکیاں دینے
لگے ۔