پشاور،حلقہ این اے 4 میں ایک لاکھ 62 ہزار 740 خواتین حق رائے دہی استعمال کر رہی ہیں
صوبہ خیبر پختونخوا کے دارالخلافہ پشاور کے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے چار پر ضمنی انتخاب کے سلسلے میں ووٹنگ کا عمل جاری ہے۔
پولنگ جمعرات کی صبح 8 بجے شروع ہوئی جو بغیر کسی وقفے کے شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔
یہ نشست صوبے میں حکمران جماعت پاکستان تحریکِ انصاف کے ایک منحرف رکن قومی
اسمبلی گلزار خان کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی،ضمنی انتخاب میں کل 14
امیدوار حصہ لے رہے ہیں جن میں سے چھ کا تعلق مختلف سیاسی جماعتوں سے
ہے،نشست کے لیے گلزار خان کے صاحبزادے اسد گلزار میدان میں ہیں لیکن وہ
پیپلزپارٹی کے ٹکٹ پر انتخاب میں حصہ لے رہے ہیں۔
پشاور کے نواحی علاقوں پر مشتمل قومی اسمبلی کے حلقے میں رجسٹرڈ ووٹرز کی
تعداد تین لاکھ 97 ہزار 904 ہے جن میں دو لاکھ 35 ہزار 164 مرد اور ایک
لاکھ 62 ہزار 740 خواتین شامل ہیں۔
الیکشن کمیشن نے حلقے میں 269 پولنگ اسٹیشن قائم کیے ہیں جن میں سے 148
مردوں اور 112 خواتین کے لیے مخصوص ہیں جب کہ نو پولنگ اسٹیشن مرد اور
خواتین ووٹرز کے لیے مشترک ہیں۔
فوج کی نگرانی میں ہونے والے اس ضمنی انتخاب کے موقع پر امن وامان قائم
رکھنے کے لیے سکیورٹی فورسز کے تقریباً سات ہزار اہلکار تعینات کیے گئے
ہیں۔