اسلام آباد، پاکستان میں چینی سرمایہ کاری سے طویل المیعاد بنیادوں پر شہریوں کو فوائد ملیں گے،وزیر اعظم
وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ سینڈک منصوبہ سے 1500 پاکستانیوں
کو روزگار کی فراہمی کے علاوہ بلوچستان کے مقامی دیہات کو مفت خدمات کی
فراہمی بھی جاری ہے، پاکستان میں چینی سرمایہ کاری سے طویل المیعاد بنیادوں
پر شہریوں کو فوائد ملیں گے۔
وزیراعظم آفس میں سینڈک میٹلز لیمیٹڈ اور چین کی میٹرلرجیکل کارپوریشن(ایم
سی سی ) کے درمیان سینڈک میں سونے اورتانبے کی لیز معاہدے کی مدت میں ایک
سالہ توسیع کے معاہدے پر دستخط کی تقریب میں شرکت سے قبل ایم سی سی کے صدر
ژانگ منگ ژنگ اور دیگر اعلیٰ حکام سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم
نے کہاکہ منصوبہ سے 1500 پاکستانیوں کو روزگار کی فراہمی کے علاوہ
بلوچستان کے مقامی دیہات کو مفت خدمات کی فراہمی بھی جاری ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں چینی سرمایہ کاری سے طویل المیعاد بنیادوں
پر شہریوں کو فوائد ملیں گے، ہماری حکومت نے سرمایہ کاروں کیلئے سازگار اور
دوستانہ پالیسیاں متعارف کرائی ہیں، ملک میں غیر ملکی کمپنیوں کو کام کرنے
کیلئے موزوں ماحول فراہم کیا گیا ہے، ایم سی سی کے صدر نے گرمجوشی سے
استقبال پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ چینی کمپنیاں پاکستان میں
محفوظ ماحول میں کام کر رہی ہیں جس سے دونوں ممالک کو فائدہ پہنچ رہا ہے۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء الله زہری، پاکستان میں چینی
سفارتخانہ کے ناظم الامور ژاؤ لی جیان، پٹرولیم و قدرتی وسائل ڈویژن اور
بلوچستان حکومت کے سینئر افسران بھی موجود تھے، وزیراعظم نے سینڈک منصوبہ
کو تجارتی آپریشن کی سطح پر لانے کے سلسلہ میں ایم سی سی کے کردار کی
تعریف کی۔