لاہور ، وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے گورنر پنجاب محمد رفیق رجوانہ کی ملاقات
لاہور میں وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے گورنر پنجاب محمد رفیق رجوانہ
نے ملاقات کی۔ملاقات کے دوران صوبہ پنجاب کے عوام کی فلاح و بہبود کے لئے
ترقیاتی منصوبوں اور امن و امان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔
ترجمان وزیر اعلیٰ ہاؤس کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا
مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے گزشتہ سوا چار برس کے دوران امانت، دیانت، شفافیت
اور محنت سے خدمت خلق کی نئی تاریخ رقم کی ہے۔ پنجاب کے پسماندہ علاقوں
خصوصاً جنوبی پنجاب کی ترقی و خوشحالی کے لئے ترجیحی بنیادوں پر وسائل
فراہم کئے گئے ہیں۔جنوبی پنجاب کی خوشحالی مجھے بے حد مقدم ہے۔
محمد شہبازشریف نے کہا مفاد عامہ کے منصوبوں کی مخالفت دراصل عام آدمی کی
ترقی اور خوشحالی کی مخالفت ہے۔ ملک میں توانائی منصوبوں کی ریکارڈ مدت میں
تکمیل کی مثال نہیں ملتی۔اربوں روپے کی بچت کرکے ایک نئی تاریخ رقم کی
گئی۔ ملک کو اندھیروں سے نکالنے کے لئے شب و روز کام کیا گیا۔ لوڈشیڈنگ کے
جن کو بوتل میں بند کر دیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا عوام کی فلاح و بہبود کے لئے جامع پروگرام پر
عمل پیرا ہیں۔ تعلیم اور صحت کے شعبوں کی بہتری کے لئے انقلابی اقدامات کئے
گئے ہیں۔ عام آدمی کو معیاری علاج معالجہ کی سہولتوں کی فراہمی کو یقینی
بنایا جا رہا ہے۔عوام کی خدمت کو ہمیشہ مقدم رکھا ہے۔ عوام کی خدمت اور
خوشحالی کے لئے تیزی سے کام کر رہے ہیں۔
گورنر پنجاب محمد رفیق رجوانہ نے کہا وزیراعلیٰ شہبازشریف نے عوامی خدمت
میں مثال قائم کی ہے۔ شہبازشریف کی قیادت میں کئے جانے والے اقدامات سے
صوبے کے عوام مستفید ہو رہے ہیں۔شہبازشریف نے اپنے عمل سے ثابت کیا ہے کہ
ان کا دل عوام کے ساتھ دھڑکتا ہے۔
گورنر پنجاب نے مزید کہا عوامی مسائل کے حل کے لئے شہبازشریف رول ماڈل ہیں۔