Oct 30, 2017 02:00 pm
views : 782
Location : Moin Khan Cricket Academy
Karachi- Sindh Punjab Parliamentarians Match
کراچی،سندھ اور پنجاب کےپارلیمنٹرینز کے مابین دوستانہ کرکٹ میچ کا انعقا د
سندھ اور پنجاب کےپارلیمنٹرینز کے مابین دوستانہ کرکٹ میچ کا انعقا دہوا جس
میں سندھ پارلیمنٹرینز نے پنجاب پارلیمنٹرینز کو 58 رنز سے شکست دیدی، 190
رنز کے تعاقب میں پنجاب پارلیمنٹرینز 9 وکٹوں کے نقصان سے135 رنز بناسکی۔
سندھ پارلیمینٹرینز کی ٹیم کی قیادت وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کی
جبکہ پنجاب پارلیمینٹیرینز کی ٹیم کے کپتان میاں منیر تھے، دوستانہ میچ
معین خان اکیڈمی میں کھیلا گیا جسے اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے بھی دیکھا۔
اس موقع پر ذرائع ابلاغ عامہ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلی سندھ
سید مراد علی شاہ نے کہا کہ ملک کی بقاوترقی کےلیے صوبائی ہم آہنگی میں
اضافہ کےلیے کرکٹ مقابلے سودمند ہیں اور خود کو کپتان کہلانے والے کھلاڑی
سیاست کی بجائے صوبوں میں کرکٹ کو فروغ دیتے تو کامیاب رہتے،ایک کھلاڑی کو
سیاست کی بجائے صوبوں میں کرکٹ کو فروغ دینا چاہیے تھا۔
وزیراعلی سندھ نے کہا کہ ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی خوش آئند ہے اور
سندھ حکومت کرا چی میں پی ایس ایل کے میچز کے انعقاد میں بھرپور تعاون کرے
گی۔
مراد علی شاہ نے مزید کہا کہ دونوں ٹیموں میں حزب اقتدار کے ساتھ حزب
اختلاف سے تعلق رکھنے والے ارکان اسمبلی کی موجودگی بہترین جمہوری روایات
کی عکاسی ہے اور سندھ پارلیمنٹرینز کی کرکٹ ٹیم پنجاب کا جوابی دورہ بھی
کرے گی جبکہ صوبوں کے درمیان مزید کرکٹ کےساتھ دیگر کھیلوں کے مقابلے منعقد
کرانے جائیں گے۔
اس موقع پر رنگا رنگ ثقافتی پروگرام اورآتش بازی کا بھی مظاہرہ کیا گیا، میچ کے اختتام پر کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے گئے۔