اسلام آباد ، صدرِ پاکستان نے پاک بحریہ کے سر براہ کو نشانِ امتیاز (ملٹری) سے نوازا
صدرِ مملکت ممنون حسین نے پاک بحریہ کے سر براہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی کو
ملک کے سب سے بڑے عسکری اعزاز نشانِ امتیاز (ملٹری) سے نوازا۔ اعزاز تفویض
کرنے کی پر وقار تقریب ایوانِ صدر اسلام آباد میں منعقد ہوئی۔ نیول چیف کو
یہ ایوارڈ ان کی طویل خدمات، غیر معمولی قابلِ ستائش کار کردگی اور فرائض
سے اعلیٰ لگن کے اعتراف میں دیا گیا۔ ایڈ مرل ظفر محمود عباسی نے تمام پیشہ
ورانہ اہداف کے حصول میں قائدانہ صلاحیتوں،اعلیٰ کردار، قابلِ ذکر پیشہ
وارانہ قابلیت اور ذمہ داری کا مظاہر ہ کیا۔آپ نے اپنی مثالی کارکردگی سے
ماتحتوں میں ہمیشہ ایک نیا جوش و ولولہ پیدا کر کے پاک بحریہ کی ترقی میں
اہم کردار ادا کیا۔
ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے 1981میں پاک بحریہ کی آپریشنز برانچ میں کمیشن
حاصل کیا۔آپ نے ابتدائی تربیت رائل نیول کالج ڈارٹ متھانگلینڈ سے حاصل کی۔
کمیشنگ کے موقع پر آپ نے پاکستان نیول اکیڈمی سے اعزازی شمشیر حاصل کی۔اپنے
پیشہ ورانہ کیریئر کے دوران ایڈمرل ظفر محمود عباسی کو مختلف کمانڈ اینڈ
اسٹاف عہدوں پر کام کرنے کا وسیع تجربہ ہے۔
آپ کی کمانڈ تقرریوں میں جہازوں کی کمانڈ، کمانڈنٹ پاکستان نیول اکیڈمی،
کمانڈر 25thڈسٹرائر اسکواڈرن ، ڈائریکٹر جنرل پاکستان میری ٹائم سکیورٹی
ایجنسی،کمانڈر کوسٹ،کمانڈر لاجسٹکس اور کمانڈر پاکستان فلیٹ شامل ہیں۔آپ
ہیڈ کوارٹر نیوسینٹ بحرین میں کثیرالملکی کمبائنڈ ٹاسک فورس150کی کمانڈ
کرنے کا اعزاز بھی حاصل کر چکے ہیں۔
ایڈ مرل ظفر محمود عباسی کی اسٹاف تقرریوں میں اسسٹنٹ چیف آف نیول
اسٹاف(پلانز)، چیف انسپکٹر (نیوی) ، ڈپٹی چیف آف نیول اسٹاف ( آپریشنز) اور
چیف آ ف سٹاف شامل ہیں۔
ایڈمرل ظفر محمود عباسی نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد اور رائل آسٹریلین نیوی اسٹاف کالج کے گریجویٹ ہیں۔
تقریب میں وفاقی وزراء ، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی، چیف آف آرمی
سٹاف، چیف آف ایئر سٹاف، مسلح افواج کے سینئر آفیسرز اور اعلیٰ حکومتی
عہدیداران نے شرکت کی۔