لاہور،رائیونڈ اجتماع کےموقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات
عالمی تبلیغی اجتماع کا پہلا مرحلہ آج رائے ونڈ میں بعد از نماز عصر شروع
ہو گا جبکہ 3 خصوصی ٹرینیں زائرین کو لیکر رائے ونڈ پہنچ گئیں ہیں۔
عالمی اجتماع کا پہلا مرحلہ رائے ونڈ کے وسیع وعریض میدانوں میں آج بعد از
نماز عصر امیر جماعت حاجی عبدالوہاب کے ابتدائی بیان سے شروع ہوگا جو تین
دن جاری رہنے کے بعد اتوار کی صبح اختتامی دعا پر اختتام پذیر ہو گا اجتماع
گاہ کی تیاری کا عمل مکمل ہو گیا۔
قانون نافذ کرنیوالے اداروں سمیت دیگر صوبائی محکموں کے امدادی کیمپ قائم
کر دئیے، دو ہزار کے قریب پولیس اہلکار پنڈال کے اردگرد ڈیوٹی انجام دیں گے
بم ڈسپوزل، سول ڈیفنس سمیت خفیہ اداروں کے سینکڑوں اہلکار اجتماع میں
خصوصی ڈیوٹی انجام دینگے پنڈال کے تمام داخلی اور خارجی راستوں پر 10 واک
تھرو گیٹ نصب کئے جارہے ہیں شرکا اجتماع میں مشکوک افراد کی نگرانی کیلئے
بائیومیٹرک تصدیق کیلئے نادرا کی گاڑیاں موجود ہونگی۔
دوسری جانب سٹی ٹریفک پولیس نے رائیونڈ تبلیغی اجتماع کا ٹریفک پلان مرتب
کر لیاہے ، 1ایس پی، 8ڈی ایس پیز اور 700ٹریفک وارڈن ڈیوٹی کے فرائض
سرانجام دیں گے، 5پارکنگ پوائنٹس بنائے گئے ہیں۔
رائیونڈ اجتماع کا پہلا مرحلہ 2سے 5نومبر تک ہوگا جبکہ دوسرا مرحلہ 9سے 12نومبر تک ہوگا۔