Nov 08, 2017 02:32 pm
views : 640
Location : CM Secritariat
Lahore- CM Punjab Chairs Meeting Regarding Food
لاہور وزیر اعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت فوڈ اتھارٹی کے حوالے سے اہم اجلاس
وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی زیر صدارت خوراک کے حوالے سے اجلاس ہوا،
اجلاس میں فوڈاتھارٹی کی کارکردگی اور آئندہ کی حکمت عملی کا تفصیلی جائزہ
لیا گیا،وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ عوام کو کسی بھی صورت ملاوٹ مافیا کے
رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جاسکتا،اشیائے خورد و نوش میں ملاوٹ کرنے والوں کے
خلاف قانون کے تحت بلاامتیاز کارروائی جاری رکھی جائے گی۔
اشیائے خردونوش میں ملاوٹ اور اِس کے خلاف پنجاب فوڈ اتھارٹی کی کارروائیوں
کا جائزہ لینے کے لیے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب
شہباز شریف نے کہا کہ ملاوٹ کا دھندہ کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں
ہیں۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ صوبے کے عوام مجھے اپنی جان سے زیادہ عزیز ہیں،
مضر صحت اور ملاوٹ والی اشیائے خوردو نوش تیار اور فروخت کرنے پر مالک کے
خلاف مقدمہ درج کرکے کارروائی کی جائے، دودھ میں مضرصحت اجزاء شامل کرنے
والے عناصر انسانیت کے دشمن ہیں، مضرصحت دودھ کھلا دودھ ہو یا ڈبے والا،
کسی کو چند کوڑیوں کی خاطراپنے بچوں کی زندگیوں سے کھیلنے کی اجازت نہیں
دیں گے۔
وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے فوڈ اتھارٹی حکام کو زہریلی سبزیاں اْگانے
والوں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھنے کی ہدایت کی اور کہا کہ معیاری
اشیائے خردونوش کی ہر قیمت پر فراہمی کو یقینی بنایا جائے، شہبازشریف نے
اتھارٹی کے حکام کو اپنا کام محنت سے جاری رکھنے کی ہدایت کے ساتھ اتھارٹی
کے ورکرز کی بیرون ملک تربیت کی ہدایات بھی جاری کیں۔