اسلام آباد،سابق وزیر اعظم نواز شریف کی احتساب عدالت میں پیشی
سابق وزیر اعظم نواز شریف احتساب عدالت میں پیش ہوئے اس موقع پر سیکیورٹی
کے سخت انتظامات کئے گئے ،جبکہ ن لیگ کے کارکنوں کی بڑی تعداد نواز شریف کی
حمایت کے لئے احتساب عدالت کے باہر موجود رہے۔
حتساب عدالت میں شریف خاندان کے خلاف نیب ریفرنسز کی سماعت ہوئی سابق وزیر
اعظم نواز شریف کی تینوں ریفرنسز یکجا کرنے کی درخواست مسترد کر دی گئی ہے،
اب لندن فلیٹس، عزیزیہ ملز اور فلیگ شپ ریفرنسز پر الگ الگ کارروائی چلے
گی، احتساب عدالت نے نواز شریف پر باضابطہ فرد جرم بھی عائد کر دی،
نوازشریف نے صحت جرم سے انکار کر دیا اور کہا کارروائی سیاسی بنیادوں پر کی
گئی، بنیادی حقوق سلب کیے جا رہے ہیں، ٹرائل میں اپنا دفاع کروں گا۔
نوازشریف نے عدالت سے استدعا کی کہ انہیں نمائندہ مقرر کرنے کی اجازت دی
جائے، نوازشریف کی جانب سے باقاعدہ درخواست ملنے کے بعد عدالت نے نواز شریف
کو مستقل نمائندہ مقرر کرنے کی اجازت دے دی، ظافر خان نیب ریفرنسز میں
نواز شریف کے مستقل نمائندے ہونگے جو نواز شریف کی عدم حاضری پر عدالت میں
پیش ہونگے،عدالت نے اگلی سماعت پر استغاثہ کے گواہان طلب کرتے ہوئے ریفرنسز
کی سماعت 15 نومبر تک ملتوی کر دی۔
قبل ازیں سابق وزیراعظم میاں نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر
احتساب عدالت میں پیش ہوئے، مریم اورنگزیب، پرویز رشید، طلال چوہدری،
دانیال عزیز سمیت دیگر لیگی رہنما بھی ہمراہ تھے، احتساب عدالت کے باہر
لیگی کارکنوں کی بڑی تعداد نے قیادت کے حق میں نعرے بازی کی۔ اس موقع پر
سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے۔
واضح رہے گزشتہ سماعت پر احتساب عدالت نے وکیل نواز شریف اور نیب
پراسیکیوٹر کے دلائل سننے کے بعد سابق وزیراعظم نواز شریف کے خلاف تینوں
ریفرنسز یکجا کرنے سے متعلق درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔