لاہور،صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود کی انٹرنیشنل اسکول ایوارڈ کی تقریب میں شرکت
صوبائی وزیراسکولز ایجوکیشن رانا مشہود ا حمد خاں نے کہاہے کہ قائداعظم
اکیڈمی فار ایجوکیشنل ڈویلپمنٹ اور برٹش کونسل کے کونیکٹنگ کلاس رومز
پروگرام سے تعلیم کے شعبہ میں ایک عظیم انقلاب آئے گا اور یہ پروگرام ایک
اہم سنگ میل ثابت ہو گا،صوبائی وزیر نے کہا کہ انٹرنیشنل سکول ایوارڈکا
اجراء برٹش کونسل کا قابل تحسین اقدام ہے جس سے سکولوں کو قومی اور بین
الاقوامی سطح پر خود کو متعارف کروانے اور جدید طریقہ ہائے تدریس سے آگاہی
حاصل کرنے کے مواقع حاصل ہوتے ہیں۔
رانا مشہود نے کہا کہ برٹش کونسل کنیکٹنگ کلاس روم پروگرام کے ذریعے ہمارے
اساتذہ کرام کو بہتر تدریسی طریقہ کار کی ٹریننگ مہیا کر رہی ہے جس سے طلبہ
کو جدید طریقہ تدریس کے مطابق پڑھایا جانا ممکن ہو گا۔
نجی ہوٹل میں قائداعظم اکیڈمی فار ایجوکیشنل ڈویلپمنٹ اور برٹش کونسل کے
تعاون سے منعقدہ انٹرنیشنل سکولز ایوارڈکی تقریب سے خطاب کرتے وزیر تعلیم
نے کہا کہ قوم کے معماروں کو چاہئے کہ وہ اس پروگرام سے بھر پور استعفادہ
حاصل کریں تا کہ دنیا بھر میں ملک و قوم کا نام روشن ہو,یہ پروگرام نا صرف
طلبہ کے لئے سود مند ثابت ہو گا بلکہ اس سے اساتذہ کی استعدادِ کار میں بھی
خاطر خواہ اضافہ ہو گا,انہوں نے بہترین کارکردگی پر ایوارڈ حاصل کرنے
والوں کو مبارکباد پیش کی اور بتایا کہ کونیکٹنگ کلاس روم پروگرام کے ذریعے
گزشتہ 3سال میں 3ہزار سکول، 7ہزار اساتذہ، 5 ہزار ہیڈ ٹیچرز اور 3لاکھ سے
زائد سٹوڈنٹ مستفید ہوئے ہیں۔
صوبائی وزیرنے مزید کہا کہ حکومت پنجاب کی تعلیمی اصلاحات سی2018 ء تک سو
فیصد انرولمنٹ کی راہ ہموار ہوئی ہے اورفروغ تعلیم میں شاندار کامیابیاں
حاصل کی گئی ہیں۔کونیکٹنگ کلاس رومز قائداعظم اکیڈمی فار ایجوکیشنل
ڈویلپمنٹ اوربرٹش کونسل کاایک شاندار ایجوکیشنل پروگرام ہے۔اس پروگرام کے
تحت اساتذہ دنیا بھرمیں اپنے ہم عصروں سے نہ صرف رابطے میں رہیں گے بلکہ ان
کے لئے مطلوبہ معلومات اور ریسرچ ورک تک آسان رسائی ممکن ہو گی۔
بعدازاں صوبائی وزیر رانا مشہود نے اساتذہ میں شیلڈز اور سرٹیفکیٹس تقسیم
کئے۔ اس موقع پر سیکرٹری سکولز ڈاکٹر اللہ بخش ملک اور برٹش کونسل کے ڈپٹی
ڈائریکٹر جیمز ہمپسن بھی موجود تھے۔