اسلام آباد،عوام کے ووٹ سے وزیراعظم منتخب ہونے والے نواز شریف آج کمرہ عدالت میں بیٹھے ہیں،مریم اورنگزیب
وزیر مملکت برائے اطلاعات ونشریات مریم اور نگزیب نےکہا ہے کہ نوازشریف کے
معاملے میں عوام 3 مرتبہ فیصلہ دے چکے ہیں، منتخب وزیراعظم کو اپنے دفتر
سے نکالا گیا، 3 بارنواز شریف عوام کے ووٹ سے وزیراعظم منتخب ہوئے تاہم
اقامے پر آئے فیصلے کو عوام نے آج تک نہیں مانا،شریف خاندان کوسسیلین مافیا
کہا گیا فیصلے میں وہ تمام چیزیں موجود ہیں جن سےظاہر ہوتا ہے کہ فیصلہ
متنازع ہے۔
احتساب عدالت کےباہر ذرائع ابلاغ عامہ کےنمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے ن
لیگی رہنما نے کہا کہ تین ریفرنس کو ایک کرنے کے لیے قانونی طور پر درخواست
دی تھی،نوازشریف اور ان کی درخواست آئین کے مطابق تھی۔
وزیر مملکت نے کہا کہ قافلہ تب لٹا جب نظام عدل آمریت کی جیب کی گھڑی اور
ہاتھ کی چھڑی بن گیا، قافلہ اس وقت لٹا جب منتخب وزیراعظم کو اقامے کی صورت
میں نکالا گیا، نوازشریف کے معاملے میں عوام 3 مرتبہ فیصلہ دے چکے ہیں،
ایسے فیصلے ایسی سوچ سے آتے ہیں،جس کا جواب عوام دیتے ہیں۔
مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ جس شخص نے اداروں کو گالی دی پارلیمنٹ پر
حملہ کیا وہ آزاد پھر رہا ہے جب کہ عوام کے ووٹ سے وزیراعظم منتخب ہونے
والے نواز شریف آج کمرہ عدالت میں بیٹھے ہیں، جو ججز ایک بار فیصلہ دے چکے
تھے تو بہتر ہوتا کہ سپریم کورٹ کا کوئی دوسرا بنچ نظرثانی کی اپیل سنتا۔