لاہور، وزیر اعلیٰ پنجاب کی اراکین صوبائی اسمبلی سے ملاقات
وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ منفی سیاست کے
علمبردارباشعور عوام کو گمراہ نہیں کر سکتے، پاکستانی قوم کو دشنام طرازی
اور بہتان کی منفی سیاست کسی صورت گوارہ نہیں، ہمارے مخالفین اپنے صوبے میں
مسلسل ناکامیوں کی وجہ سے عوام میں سیاسی ساکھ کھو چکے ہیں۔
اراکین پنجاب اسمبلی سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئےشہباز شریف نے کہا
کہ ماضی میں حکمرانوں نے قومی وسائل کو بے دردی سے لوٹا جبکہ ہم نے ایک ایک
پائی عوام پر صرف کی ہے, ذاتی مفادات کو ترجیح دینے و الوں کو ملک وقوم کی
ترقی وخوشحالی سے کوئی سروکار نہیں۔
مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے منصوبوں میں شفافیت، رفتار اور معیار کے ذریعے
قوم کے اربوں روپے بچائے گئے ہیں، ستم ظریقی ہے کہ کرپشن میں لتھڑے آج
کرپشن کے خلاف بھاشن دے رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ منفی سیاست کے علمبردار جان لیں کہ باشعور عوام کو
گمراہ نہیں کیا جاسکتا,دھرنا اور الزامات کی سیاست کرنے والوں کو آئندہ
انتخابات میں شرمندگی کے علاوہ کچھ نہیں ملے گا اور عوام باشعور ہیں، ترقی
کے عمل کو روکنے والوں کو ہرگز معاف نہیں کریں گے, وزیراعلیٰ سے ملاقات
کرنے والوں میں صوبائی وزیر مہر اعجاز احمد اچلانہ، اراکین پنجاب اسمبلی
رانا محمد تجمل حسین، ملک علی عباس کھوکھر اور ملک احمد کریم قسور لنگڑیال
شامل تھے۔